صومالیہ نے یو اے ای کے سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا دیا حکم، اپنا سفیر بھی واپس بلایا

راجدھانی موغادیشو میں منعقدہ پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات عبدالفتح قاسم محمد نے یو اے ای کے سفیر کو ملک سے نکالنے اور یو اے ای میں صومالیہ کے سفیر کو مشورہ کے لیے واپس بلانے کے فیصلے کا اعلان کیا۔

<div class="paragraphs"><p>صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد</p></div>
i

صومالیہ کی حکومت نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر کو 72 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ صومالیہ نے یو اے ای پر اس افریقی ملک کی خود مختاری کا احترام نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے جمعرات کو یہ قدم اٹھایا۔ صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد نے اس ہفتہ یو اے ای پر وفاقی حکومت کے کنٹرول سے باہر مسلح افواج کی حمایت کرنے اور صومالیہ کی یکجہتی کو کمزور کرنے کا سنگین الزام لگایا تھا۔

راجدھانی موغادیشو میں منعقدہ پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات عبدالفتح قاسم محمد نے یو اے ای کے سفیر کو ملک سے نکالنے اور یو اے ای میں صومالیہ کے سفیر کو مشورہ کے لیے واپس بلانے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم حمزہ عبدی بری کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا۔ وزیر اطلاعات عبدالفتح قاسم محمد نے یو اے ای کی سرگرمیوں کو صومالیہ کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور قومی اتحاد کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا۔ حکومت نے یہ متنبہ بھی کیا ہے کہ ملک کے خلاف یو اے ای کا تعاون کرنے والے کسی بھی شخص یا گروہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


اس کارروائی سے ٹھیک 2 دن قبل منگل کو صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے یو اے ای پر شدید حملہ کیا تھا۔ صدر نے الزام لگایا تھا کہ یو اے ای وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر صومالیہ کے کچھ حصوں میں فوجی اڈے قائم کر رہا ہے۔ ابوظہبی مرکزی حکومت کے کنٹرول سے باہر مسلح افواج اور علاقائی انتظامیہ کو براہ راست حمایت فراہم کر رہا ہے۔ یو اے ای کی یہ سرگرمیاں صومالیہ کی داخلی سیاست میں براہ راست مداخلت ہیں اور ملک کی یکجہتی کو کمزور کر رہی ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اس سال کے آغاز سے ہی انتہائی خراب ہیں۔ اس سے قبل جنوری میں صومالیہ نے خود مختاری کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے یو اے ای کے ساتھ بندرگاہوں کے انتظام (جیسے بربیرہ، بوساسو اور کسمايو)، دفاع اور سلامتی کے تعاون سے متعلق تمام دو طرفہ معاہدے منسوخ کر دیے تھے۔ تاہم صومالی لینڈ، پنٹ لینڈ اور جوبالینڈ جیسے خود مختار علاقوں نے مرکزی حکومت کے اس فیصلہ کو ماننے سے انکار کر دیا تھا، کیونکہ یو اے ای نے ان علاقوں میں بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ صومالیہ نے حال ہی میں یو اے ای کے فوجی اور مال بردار طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بھی بند کر دی تھی۔ فی الحال یو اے ای کی وزارت خارجہ کی جانب سے سفیر کو ملک سے نکالنے کے اس تازہ حکم پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔