فلپائن میں خراب موسم نے مچائی تباہی، شدید بارش اور طوفان سے 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد متاثر

فلپائن نیوز ایجنسی کے مطابق شددید بارش اور طوفان کے باعث کم از کم ایک لاکھ 10 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد اب بھی 6 ہی ہے۔ اس کے علاوہ 7 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

فلپائن کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو جنوب مغربی مانسون کے تیز ہونے اور ’ٹراپیکل سائیکلون‘ کی وجہ سے فلپائن کے 8 علاقوں میں 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ فلپائن نیوز ایجنسی کے مطابق کم از کم ایک لاکھ 10 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد اب بھی 6 ہی ہے۔ اس کے علاوہ 7 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے 148 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 138 کو جزوی اور 10 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔

نیوز ایجنسی ’سنہوا‘ نے سرکاری رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ 2 ہلاکتیں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے، 2 چٹانیں کھسکنے سے اور باقی 2 ڈوبنے اور کرنٹ لگنے کی وجہ سے ہوئیں۔ فلپائن کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل نے کہا کہ 86 امدادی کیمپ فعال کر دیے گئے ہیں، جہاں 2200 خاندان یعنی 7300 لوگ رہ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 1132 خاندان یعنی 3700 لوگ امدادی کیمپوں سے باہر ٹھہرے ہوئے ہیں۔ اتوار کو ملک کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون کے باعث فلپائن کے بڑے حصوں میں شدید بارش ہوتی رہے گی۔ ان علاقوں میں میٹرو منیلا اور لوزون کے کئی صوبے شامل ہیں۔


فلپائن کے ایٹموسفیرک، جیو فزیکل اینڈ ایسٹرونومیکل سروسز ایڈمنسٹریشن (پی اے جی اے ایس اے) نے ایلوکوس سور، لا یونین، ابرا، بینگویٹ، زامبلیس، باٹان اور آکسیڈنٹل منڈورو جیسے علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش کی صورت میں اچانک سیلاب یا لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ جاری کی ہے۔ وِسایا اور منڈاناؤ کے کچھ حصوں میں بھی ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو فلپائن کی راجدھانی میٹرو منیلا میں کئی شاپنگ مالز نے ان لوگوں کے لیے خاص ویٹنگ ایریا کھول دیے ہیں جو شدید جنوب مغربی مانسون کی وجہ سے ہونے والی بھاری بارشوں اور سیلاب کے باعث بے گھر ہوئے ہیں۔ فلپائن کے سب سے بڑے گروپوں میں سے ایک ایس ایم گروپ کے ذریعے چلائے جانے والے یہ مالز متاثرہ لوگوں کو مفت وائی فائی، ٹوائلٹس، چارجنگ اسٹیشن اور ہیلپ ڈیسک کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔


ہفتے کی رات سے ان مالز میں رات بھر کے لیے مفت پارکنگ بھی دستیاب ہے۔ جن لوگوں کو کچھ وقت کے لیے جگہ چاہیے، انہیں اپنی حفاظت کی خاطر قریبی مالز میں جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے لوگوں سے الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو کہا ہے کیونکہ بارش اور سیلاب کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ میٹرو منیلا ایشیا کے سب سے بڑے شہروں میں سے ایک ہے، جو ہر سال بارش کے موسم میں طویل عرصے سے شہری سیلاب سے شدید متاثر ہوتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔