ٹرمپ اور ژی جن پنگ نے تائیوان، ایران اور اے آئی سمیت متعدد امور پر بات چیت کی

چینی صدر ژی جن پنگ نے دورہ امریکہ کے دوران صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں دو طرفہ ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے تائیوان کے معاملے پر بات چیت کی اور استحکام برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ آئی اے این ایس</p></div>
i

کل یعنی جمعرات کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ژی جن پنگ نے وائٹ ہاؤس میں اہم دو طرفہ ملاقات کی۔ اس دوران ٹرمپ نے ژی جن پنگ کو وائٹ ہاؤس کا نیا ہیلی پیڈ بھی دکھایا۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس دو طرفہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان استحکام کا مظاہرہ کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ گفتگو کے بعد امریکی صدر نے ذاتی طور پر چینی صدر کو وائٹ ہاؤس سے رخصت کیا۔

چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملاقات کے فوراً بعد ٹرمپ اور ژی جن پنگ کے درمیان سب سے زیادہ کانٹے دار ایشوز پر بھی بات ہوئی۔ ژی جن پنگ نے ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ تائیوان کی آزادی کی مخالفت کریں۔ ژی جن پنگ اور ٹرمپ نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکہ اور چین 2026 میں APEC اکنامک لیڈرز میٹنگ اورجی20 سمٹ کی میزبانی میں ایک دوسرے کی مکمل حمایت کریں گے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، یوکرین کے بحران اور جزیرہ نما کوریا کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔


چینی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان نئے تجارتی معاہدوں کو عالمی معیشت کے لیے ’بہت اچھی خبر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے دنیا بھر کی منڈیوں میں مثبت پیغام جائے گا۔ مزید برآں، مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے،ژی جن پنگ نے کہا کہ اگرچہ امریکہ اور چین اس جدید ٹیکنالوجی میں حریف ہیں، ان کے پاس عالمی مفادات اور ترقی کے لیے تعاون کرنے کی اور بھی بڑی وجوہات ہیں۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ ژی جن پنگ اس دورے کے دوران امریکہ پر تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کے لیے دباؤ ڈال سکتے ہیں۔ یہ بات قابل غور ہے کہ گزشتہ مئی میں چین کے اپنے دورے سے واپس آنے کے بعد، ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ تائیوان کے لیے تقریباً 14 بلین ڈالر کا اسلحہ پیکج روک رہے ہیں۔

ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی اور ژی جن پنگ کی ملاقات "بہترین" تھی۔ اس کے بعد دونوں رہنماؤں نے وائٹ ہاؤس کے کیمپس میں نئے ہیلی کاپٹر لینڈنگ پیڈ کا دورہ کیا اور میرین ون ہیلی کاپٹر میں ہوائی سفر کیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔