بے رحم اسرائیلی پولیس نے نکالا ’جنگ بندی‘ کا غصہ، مسجد اقصیٰ میں کی توڑ پھوڑ

رپورٹ کے مطابق فلسطینی جنگ بندی معاہدے پر جشن منارہے تھے اور گیت گا رہے تھے کہ اسی دوران اسرائیلی پولیس کا دستہ کمپاؤنڈ میں داخل ہوا اور ہجوم کو اپنے روایتی طریقے سے کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔

الاقصیٰ مسجد (بیت المقدس)
الاقصیٰ مسجد (بیت المقدس)
user

یو این آئی

یروشیلم: جنگ بندی کا غصہ اور سبکی نکالتے ہوئے اسرائیل کی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ پر توڑ پھوڑ کی اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد جارحیت روکنے کے معاہدہ پر جشن منانے کے لیے جمع ہزاروں فلسطینیوں پر آنسو گیس کے گولے داغے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جمعے کو جنگ بندی کا معاہدہ ہوا لیکن مقبوضہ بیت المقدس میں کشیدگی برقرار رہی جہاں اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ پر توڑ پھوڑ کی اور نمازیوں پر آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔ معاہدے کے بعد غزہ اور مقبوضہ علاقوں میں ہزاروں فلسطینی سڑکوں پر نکلے اور خوشی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب اسرائیل کی پولیس مقبوضہ بیت المقدس کے اولڈ سٹی میں مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں توڑ پھوڑ کی جہاں رمضان میں بھی شدید کشیدگی رہی تھی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نماز جمعہ کے بعد کئی فلسطینی مسجد کے احاطے میں بیٹھے ہوئے تھے اور حماس و اسرائیلی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق فلسطینی معاہدے پر جشن منارہے تھے اور گیت گا رہے تھے کہ اسی دوران اسرائیلی پولیس کا دستہ کمپاؤنڈ میں داخل ہوا اور ہجوم کو اپنے روایتی طریقے سے کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔ اسرائیلی پولیس نے فلسطینیوں پر اسٹین گرینیڈز، دھواں چھوڑنے والے بم اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں موجود ہزاروں افراد کو منتشر کرنے کے لیے انہوں نے فائرنگ بھی کی۔


اس درمیان ایک رپورٹ کے مطابق غزہ کے مقامی میڈیا نے کہا کہ امدادی کاموں میں مصروف کارکنوں نے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے ایک بچے سمیت 9 لاشیں نکالیں۔القرارا اور خان یونس سٹی کے شمال مشرقی علاقے میں 8 افراد کو ان کے گھر کے ملبے سے نکالا گیا، غزہ سٹی کے جنوب میں طال الہوا میں تین سالہ بچی کی لاش ان کے آبائی گھر کے ملبے سے ملی۔

واضح رہے کہ اسرائیلی کی غزہ پر بمباری سے66 بچوں سے 243 فلسطینی جاں بحق ہوئے اور پہلے سے ہی مشکلات میں گھرے خطے میں ہر طرف تباہی پھیل گئی ہے۔ دوسری طرف حماس کی جانب سے داغے گئے سینکڑوں راکٹوں کے نتیجے میں اسرائیل کے 12 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔