یوکرین جنگ میں 5 لاکھ سے زائد روسی فوجیوں کی ہوئی موت، لیک سرکاری ڈاٹا سے ہوا انکشاف!

ہیکرز نے روسی سرکاری ادارہ کے ڈاٹابیس سے اموات سے متعلق دستاویزات حاصل کیں۔ ان میں جون 2023 سے ستمبر 2026 کے آخر تک کے ریکارڈ شامل ہیں۔

روس-یوکرین جنگ
i

فروری 2022 سے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں روسی فوج کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ روس کے سرکاری شماریاتی ادارہ کے ہیک کیے گئے ڈاٹا سے انکشاف ہوا ہے کہ ستمبر 2026 تک جنگ میں تقریباً 4 لاکھ 90 ہزار روسی فوجیوں کی موت درج کی جا چکی تھی۔ اب تک ہلاک ہونے والے فوجیوں کی اصل تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کئی فوجیوں کی موت کا اندراج سرکاری ڈاٹابیس میں تاخیر سے ہوتا ہے۔

جرمنی کے رسالہ ’ڈیر اسپیگل‘ اور روس کے کئی میڈیا اداروں نے ان اعداد و شمار کا تجزیہ کیا ہے۔ یہ معلومات روس کے سرکاری شماریاتی ادارہ ’روس اسٹیٹ‘ کے نظام سے چوری کی گئی دستاویزات سے حاصل ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ’سائبر پارٹیزنس‘ اور ’سائلنٹ کرو‘ نامی ہیکر گروپ نے روس اسٹیٹ کے نظام میں نقب لگا کر یہ اعداد و شمار چوری کیے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ گروپ کے تعلقات بیلاروس کی اپوزیشن تنظیموں اور یوکرین کی حمایت کرنے والے گروپوں سے ہیں۔


رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے روسی سرکاری ادارہ کے ڈاٹابیس سے اموات سے متعلق دستاویزات حاصل کیں۔ ان میں جون 2023 سے ستمبر 2026 کے آخر تک کے ریکارڈ شامل ہیں۔ میڈیا اداروں نے موت کی وجہ، جائے وقوع اور متعلقہ شخص کے پیشے جیسی معلومات کی بنیاد پر فوجیوں کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار مرتب کیے۔ ان اعداد و شمار کے مطابق فروری 2022 میں جنگ شروع ہونے سے لے کر ستمبر 2026 کے آخر تک 4 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ روسی فوجیوں کی موت درج کی گئی۔ اس میں جنگ میں مارے گئے فوجیوں کے علاوہ زخمی ہونے اور فوجی کارروائیوں سے متعلق اموات کے ریکارڈز بھی شامل ہیں۔

روسی میڈیا اداروں ’میڈیا زونا‘ اور ’میڈوزا‘ نے ہیکرز سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی جانچ کی۔ اس کے لیے 4 طرح کے ریکارڈ کا باہمی موازنہ کیا گیا۔ ان میں فوجیوں کی ہلاکتوں کی ناموں کے ساتھ فہرست، روس کا وراثت سے متعلق ریکارڈ، شہریوں کی اموات سے متعلق دیگر لیک شدہ دستاویزات اور ’روس اسٹیٹ‘ کے پہلے جاری کردہ اعداد و شمار شامل تھے۔ جانچ میں پایا گیا کہ فوجیوں کی ناموں والی فہرست میں 29 ستمبر 2026 تک درج اموات میں سے 95.1 فیصد کا ریکارڈ ہیک کیے گئے ڈاٹابیس میں بھی موجود تھا۔ اسی بنیاد پر میڈیا اداروں نے ان اعداد و شمار کو قابل اعتماد قرار دیا ہے۔


’روس اسٹیٹ‘ نے نومبر کے آغاز میں اپنے نظام پر سائبر حملے کا اعتراف کیا تھا، لیکن اعداد و شمار چوری ہونے کی تردید کی تھی۔ دوسری طرف امریکی تھنک ٹینک ’سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز‘ نے جولائی 2026 میں اندازہ لگایا تھا کہ جنگ میں 4 لاکھ سے 4 لاکھ 50 ہزار روسی فوجی مارے گئے ہیں۔ وہیں، یوکرین کے 1 لاکھ 25 ہزار سے 1 لاکھ 50 ہزار فوجیوں کی ہلاکت کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ ’میڈیا زونا‘ نے اب تک ناموں کی بنیاد پر 2 لاکھ 89 ہزار 136 روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ حالانکہ یوکرین کی ویب سائٹ ’یو اے لاسز‘ پر 1 لاکھ 6 ہزار 285 یوکرینی فوجیوں کی ہلاکتیں درج ہیں۔ ان ویب سائٹس کا بھی ماننا ہے کہ ان کی فہرستیں مکمل نہیں ہیں۔