لندن کے سڑک حادثہ میں 17 سالہ سکھ نوجوان جاں بحق

لندن میں ایک کار حادثہ کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 17 سالہ سکھ نوجوان رنبیر سنگھ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ حادثے میں ایک اور نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

ساؤتھ ویسٹ لندن کے ساؤتھ ہال میں ایک ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ 17 سالہ سکھ نوجوان رنبیر سنگھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں ایک اور نوجوان بھی شدید زخمی ہوا ۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق ہفتہ کی صبح ساؤتھ ہال میں ساؤتھ روڈ پر فورڈ مستنگ کار کو حادثہ پیش آیا۔ میٹروپولیٹن پولیس، لندن ایمبولینس سروس اور لندن فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور 20 سالہ سکھویر سنگھ کو جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا۔ اس پر خطرناک ڈرائیونگ ، لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے اور انشورنس کے بغیر گاڑی چلانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ملزم سکھویر سنگھ کو پیر کو لندن کی اکسبرج مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے اسے تحویل میں دے دیا، اور اس کی اگلی پیشی 19 اکتوبر کو اولڈ بیلی میں ہوگی۔


میٹروپولیٹن پولیس نے کہا، "پیرامیڈک ٹیم کی بہترین کوششوں کے باوجود، کار میں سوار 17 سالہ مسافر رنبیر سنگھ کی جائے وقوعہ پر ہی المناک موت ہو گئی۔ اس کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے، اور ماہر افسران مسلسل مدد فراہم کر رہے ہیں۔" پولیس نے مزید بتایا کہ کار میں سوار ایک اور مسافر شدید زخمی ہے اور اسے اسپتال میں زیر علاج رکھا جا رہا ہے اور اس کی حالت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس نے مزید کہا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اس واقعہ کے بارے میں کوئی اطلاع، گاڑی کی رفتار یا علاقے کی سی سی ٹی وی، ڈور بیل، موبائل یا ڈیش کیم کی ریکارڈنگ ہو تو وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔