امریکہ: وہائٹ ہاؤس کے نزدیک اندھا دھند فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 5 دیگر زخمی

امریکی نیوز چینل ’فوکس نیوز‘ پر نشر خبروں کے مطابق پولس کو اس واقعہ کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شب 10 بج کر چھ منٹ پر موصول ہوئی جس کے بعد پولس موقع پر پہنچی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے نزدیک واقع سڑک پر اندھا دھند فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا جب کہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی لوگوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ سبھی زخمیوں کو علاج کے لیے قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


امریکی نیوز چینل ’فوکس نیوز‘ پر نشر خبروں کے مطابق پولس کو اس واقعہ کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شب 10 بج کر چھ منٹ پر موصول ہوئی جس کے بعد پولس اور ایمبولینس موقع پر پہنچی۔ زخمیوں میں 2 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔ پولس نے واقعہ کے بعد علاقے کو پوری طرح سے بند کر دیا ہے ۔ ہنوز کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولس اب بھی حملہ آور کی تلاش اور واقعہ کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکہ کے ٹیکساس میں 31 اگست کو ہوئی گولی باری میں 5 لوگ ہلاک ہو گئے تھے جب کہ دیگر 21 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولس نے حملہ آور کا پیچھا کرتے ہوئے اسے مار گرایا تھا۔ علاوہ ازیں اگست میں ہی ٹیکساس میں ایک اور گولی باری کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں حملہ آور سمیت 29 افراد کی موت ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Sep 2019, 11:10 AM