آبنائے ہرمز میں تیل ٹینکر پر پروجیکٹائل سے حملہ، انجن روم بری طرح متاثر، عملہ کے سبھی اہلکار محفوظ

برٹش میریٹائم ٹریڈ آپریشنز کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق، اس حملہ کے باعث تیل بردار ٹینکر کا انجن روم بری طرح متاثر ہوا، جس سے جہاز کی رفتار رک گئی اور وہ سمندر میں ڈس-ایبل ہو گیا۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>
i

سفارتی اور تجارتی نقطۂ نظر سے انتہائی حساس سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز میں ایک تیل بردار ٹینکر پر نامعلوم پروجیکٹائل (فضائی میزائل/ڈرون یا دھماکہ خیز گولہ) سے حملے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ برٹش میریٹائم ٹریڈ آپریشنز کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق، اس حملہ کے باعث تیل بردار ٹینکر کا انجن روم بری طرح متاثر ہوا، جس سے جہاز کی رفتار رک گئی اور وہ سمندر میں ڈس-ایبل ہو گیا۔

برٹش میریٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کو جہاز کے کپتان کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق یہ حملہ عمان کے سمندری حدود میں واقع الشیشہ علاقہ سے تقریباً 16 کلومیٹر شمال مشرق میں ہوا۔ کپتان نے بتایا کہ کسی نامعلوم پروجیکٹائل کے براہ راست انجن روم سے ٹکرانے کے بعد دھماکہ ہوا اور نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں جہاز کا پاور اور انجن سسٹم ٹھپ ہو گیا۔ بین الاقوامی سمندری سلامتی کی ایجنسیاں اس معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہیں، جبکہ اس راستے سے گزرنے والے دیگر جہازوں کو اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


راحت کی بات یہ رہی کہ اس حملہ میں جہاز پر موجود عملہ کے تمام اراکین مکمل طور پر محفوظ ہیں اور کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ اس واقعہ سے ٹھیک ایک روز قبل یو کے ایم ٹی او نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمد و رفت سے متعلق احتیاطی ایڈوائزری جاری کی تھی۔ سمندری سلامتی کی ایجنسی کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور خطرات کے باعث تیل کی ترسیل کے اس اہم راستے پر تجارتی جہازوں کی آمد و رفت نسبتاً کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔