امریکہ سے کناڈا کی طرف بڑھ رہے سمندری جہاز پر ’نورو وائرس‘ کا حملہ، عملہ کے اہلکاروں سمیت 125 افراد بیمار
ماہرین کا ماننا ہے کہ بروقت تشخیص، متاثرہ افراد کو الگ رکھنا اور وسیع پیمانے پر صفائی مہم چلانا ہی نورو وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔

امریکہ کے سان فرانسسکو سے کناڈا اور الاسکا کے سفر پر روانہ ہونے والے ایک لگژری کروز جہاز میں ’نورو وائرس‘ کا بڑا پھیلاؤ سامنے آیا ہے۔ اس وائرس سے 125 افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں 102 مسافر اور 23 عملہ کے اہلکار ہیں۔ یہ جانکاری ملنے کے بعد صحت سے متعلق ایجنسیاں مستعد ہو گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سان فرانسسکو سے روانہ ہو کر کناڈا اور الاسکا کے 20 روزہ سفر پر نکلنے والے ’روبی پرنسز کروز‘ میں نورو وائرس انفیکشن پھیلنے سے 125 افراد بیمار ہو گئے ہیں۔ امریکہ کے سنٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کے مطابق متاثرہ افراد میں 102 مسافر اور عملہ کے 23 اراکین شامل ہیں۔ اس واقعہ کے بعد جہاز کے سان فرانسسکو واپس پہنچتے ہی خصوصی صفائی اور انفیکشن پر قابو پانے کے اقدامات شروع کر دیے گئے۔ معاملہ اس لیے بھی سنگین سمجھا جا رہا ہے کیونکہ نورو وائرس بند جگہوں اور گنجان ماحول میں بہت تیزی سے پھیلتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نورو وائرس معدے اور آنتوں سے متعلق ایک انتہائی متعدی وائرس ہے۔ یہ متاثرہ شخص کے رابطہ میں آنے، آلودہ خوراک یا پانی استعمال کرنے اور آلودہ سطحوں کو چھونے سے پھیل سکتا ہے۔ کروز جہاز، ہاسٹل، اسپتال اور بزرگوں کی نگہداشت کے مراکز جیسی جگہوں پر اس کے پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ وہاں محدود جگہ میں بڑی تعداد میں لوگ موجود ہوتے ہیں۔ زیادہ تر افراد میں یہ انفیکشن چند دنوں میں ٹھیک ہو جاتا ہے، لیکن چھوٹے بچوں، بزرگوں اور پہلے سے کسی سنگین بیماری میں مبتلا افراد کے لیے یہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق ’روبی پرنسز کروز‘ پر مجموعی طور پر 3,032 مسافر اور عملہ کے 1,144 اراکین موجود تھے۔ انفیکشن کی اطلاع 28 جون کو صحت حکام کو دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام متاثرہ افراد ایک ہی وقت میں بیمار نہیں ہوئے تھے۔ پرنسز کروز کمپنی نے کہا کہ جیسے ہی یہ معاملہ سامنے آیا، جہاز پر اضافی صفائی مہم شروع کر دی گئی۔ اگلے سفر سے قبل پورے جہاز کو مکمل طور پر صاف اور جراثیم سے پاک کیا گیا تاکہ انفیکشن دوبارہ نہ پھیل سکے۔
سی ڈی سی کے مطابق اس سال اب تک اس کے دائرۂ اختیار میں آنے والے کروز جہازوں پر بیماری پھیلنے کے 7 واقعات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ ان میں سے بیشتر واقعات کے پیچھے نورو وائرس ہی ذمہ دار رہا ہے۔ صحت سے متعلق ایجنسیاں مسلسل کروز کمپنیوں کو صفائی کے معیارات پر سختی سے عمل کرنے اور انفیکشن کے ابتدائی معاملات کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کر رہی ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ بروقت تشخیص، متاثرہ افراد کو الگ رکھنا اور وسیع پیمانے پر صفائی مہم چلانا ہی ایسے پھیلاؤ پر قابو پانے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
