نیپال سیلاب: ملبہ ہٹا تو زمین سے نکلا 50 کروڑ کا سونا، 1.5 کروڑ نیپالی روپے بھی برآمد

پولیس نے بتایا کہ تقریباً 8 گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد ’کرشی وکاس بینک‘ کی تریشولی ڈھونگے شاخ سے تقریباً 1.5 کروڑ روپے نقد، تقریباً 50 کروڑ روپے کا سونا اور اہم دستاویزات محفوظ مقام پر پہنچائے گئے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i

نیپال میں آئے تباہ کن سیلاب کے باعث عمارتوں اور گاڑیوں سمیت تمام چیزیں کئی فیٹ نیچے ملبے میں دب چکی ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کئی بینک بھی ملبے میں دب گئے ہیں۔ تریشولی کے ایسے ہی ایک بینک سے نیپال پولیس نے تقریباً 50 کروڑ کا سونا، 1.5 کروڑ نیپالی روپے اور کئی اہم دستاویزات نکالے ہیں۔ نیپال پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بینک سے نکالے گئے لاکرز کو جے سی بی مشینوں کے ذریعہ لے جایا جا رہا ہے۔

نیپال پولیس نے معاملے کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 8 گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد ’کرشی وکاس بینک‘ کی تریشولی ڈھونگے شاخ سے تقریباً 1.5 کروڑ روپے نقد، تقریباً 50 کروڑ روپے کا سونا اور اہم دستاویزات محفوظ مقام پر پہنچائے گئے ہیں۔ ویڈیو میں نیپال پولیس کے اہلکاروں کو بینک کے بیسمنٹ میں داخل ہونے کے لیے مبلہ ہٹاتے دیکھا جا سکتا ہے۔


سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سلسلے وار طریقے سے پورا واقعہ دکھایا گیا ہے۔ سب سے پہلے کرین کے ذریعہ ملبہ ہٹایا جاتا ہے۔ پھر بینک کے بیسمنٹ میں رکھے لاکرز کو ریسکیو آپریشن پر مامور اہلکاروں کے ذریعہ باہر لایا جا رہا ہے۔ ان لاکرز کو جے سی بی مشینوں پر رکھ کر دوسری جگہ لے جایا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں نیپال پولیس کے اہلکار ان لاکرز کو چابیاں لگا کر کھولتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ اس سے قبل نیپال میں رسوا اور اوپری علاقوں میں سے ایک بینک کی تجوری بہہ کر تریشولی ندی کے راستے دھاڈنگ پہنچ گئی تھی۔ یہاں 29 افراد کو مبینہ طور پر تجوری توڑ کر اس میں موجود نقد رقم نکالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

مسلح پولیس فورس اور نیپال پولیس کی مشترکہ گشتی ٹیم نے موقع پر ہی ان مشتبہ افراد کو پکڑ لیا۔ الزام ہے کہ وہ تباہ شدہ تجوری سے پیسے نکال رہے تھے۔ افسران نے اس گروہ کے پاس سے 92,68,505 روپے نقدی برآمد کی اور 29 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ نیپال پولیس نے سیلاب کے دوران نارائنی ندی میں بہہ کر آئی ایک خاتون کی لاش سے سونے کی بالیاں مبینہ طور پر چرانے کے الزام میں 2 افراد کو بھی گرفتار کیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ پولیس نے 41 سیکنڈ کی ویڈیو کی بنیاد پر دونوں ملزمان کی شناخت کی۔ ویڈیو میں دونوں شخص خاتون کی لاش کو ندی سے باہر نکالتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ الزام ہے کہ اس کے بعد انہوں نے خاتون کے دونوں کانوں سے بالیاں نکال لیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔