واشنگٹن میں شی جن پنگ-ٹرمپ ملاقات سے پہلے وانگ اور روبیو کی کئی اہم مدوں پر بات
چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے چین امریکہ تعلقات کے استحکام، اختلافات کو دور کرنے اور تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کل فون پر بات چیت کی۔ یہ بات چیت چینی صدر شی جن پنگ کے اگلے ہفتے واشنگٹن کے دورے سے قبل ہوئی ہے۔ اپنے دورے کے دوران صدر شی جن پنگ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ ایک سرکاری پریس ریلیز کے مطابق، وانگ یی اور روبیو نے جمعرات کو چین امریکہ اعلیٰ سطح کے رابطوں اور خیالات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تاہم، ریلیز میں صدر شی جن پنگ اور ٹرمپ کے درمیان آئندہ سربراہی اجلاس کا ذکر نہیں کیا گیا۔
امریکی رپورٹس کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان چوبیس ستمبر کو سربراہی ملاقات طے ہے۔ تاہم، بیجنگ نے ابھی تک تاریخوں کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ اس سال شی جن پنگ اور ٹرمپ کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہوگی۔ اس سے قبل مئی میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بیجنگ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے شی جن پنگ سے تبادلہ خیال کیا تھا۔
انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ بات چیت اور تعاون کو فروغ دیں، اختلافات کو حل کریں اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا احترام کریں۔ وانگ نے کہا کہ چین اور امریکہ کو یہ مثبت پیغام دینا چاہیے کہ دونوں ممالک مستحکم اور تعمیری تعلقات کو آگے بڑھانے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت متعدد بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
چینی صدر سے ملاقات ٹرمپ کے لیے انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے۔ نومبر میں وسط مدتی انتخابات کے قریب آنے کے ساتھ، ٹرمپ انتظامیہ کچھ سفارتی کامیابیوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چوبیس ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں چینی صدر اور ان کی اہلیہ کی میزبانی کریں گے اور ان کے اعزاز میں ایک سرکاری عشائیہ بھی دیں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
