نیویارک کے ’لا گارڈیا‘ ایئرپورٹ کے رن وے پر بڑا حادثہ، کناڈا ایکسپریس کا طیارہ ٹرک سے متصادم، کئی افراد زخمی

ایئر کناڈا ایکسپریس کا ایک طیارہ ہوائی اڈہ پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گیا ہے، جس کی وجہ سے کئی لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر پیر (23 مارچ) کو بڑا حادثہ ہو گیا۔ ایئر کناڈا ایکسپریس کا ایک طیارہ ہوائی اڈہ پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گیا ہے، جس کی وجہ سے کئی لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ زخمیوں کو جلد ہی علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق یو ایس فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ فی الوقت تمام پروازوں کے لیے گراؤنڈ اسٹاپ رہے گا، یعنی کوئی بھی طیارہ پرواز نہیں بھر سکے گا۔ دراصل ایئر کناڈا ایکسپریس کا ایک طیارہ ہوائی اڈے پر کھڑے ایک فائر ٹرک سے ٹکرا گیا تھا، جس کی وجہ سے طیارے کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔


حادثے کے بعد لا گارڈیا ایئرپورٹ کی طرف آنے والے طیاروں کو دوسرے ہوائی اڈوں پر ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے۔ اس ایئرپورٹ سے پروازوں کے ٹیک آف کے ساتھ ساتھ لینڈنگ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حادثے کی کئی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ لا گارڈیا ایئرپورٹ پائلٹوں کے لیے کافی چیلنجنگ رہا ہے۔ یہ ہوائی اڈہ پانی سے گھرا ہوا ہے اور اس کے رن وے بھی چھوٹے ہیں۔ اس وجہ سے یہاں لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران بہت زیادہ احتیاط برتنی پڑتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اکتوبر 2025 میں بھی ایک بڑا طیارہ حادثہ پیش آیا تھا۔ ٹیکسی وے پر ڈیلٹا ایئر لائنس کے 2 طیارے آپس میں ٹکرا گئے تھے۔ ایک طیارے کا وِنگ دوسرے کے کاک پٹ سے جا ٹکرایا تھا۔ اسی طرح اکتوبر 2016 میں اس وقت کے نائب صدر کے امیدوار مائیک پینس کو لے جانے والا طیارہ رن وے 22 سے پھسل کر گھاس میں داخل ہو گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔