ویتنام کے صدر سے کم جونگ اُن کا تعلقات مزید بہتر بنانے کا وعدہ

ویتنام کے صدر تو لام نے 9 ستمبر کو شمالی کوریا کے قیام کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر کم جونگ ان کو ایک خط بھیجا تھا۔ اس خط کے جواب میں کم جونگ نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا وعدہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کم جونگ ان کی فائل تصویر، آئی اے این ایس</p></div>
i

شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان نے ویتنام کے صدر تو لام سے وعدہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنائیں گے۔ ’یونہاپ‘ نیوز ایجنسی نے پیونگ یانگ کے سرکاری میڈیا، کورین سنٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) کے حوالے سے منگل (27 اکتوبر) کو یہ اطلاع دی۔ ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان نے صدر تو لام کو ان کے خط کے جواب میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ تو لام نے 9 ستمبر کو شمالی کوریا کے قیام کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر کم جونگ ان کو ایک خط بھیجا تھا۔

کے سی این اے کے مطابق پیر کو بھیجے گئے اپنے جوابی خط میں کم جونگ ان نے لکھا کہ ’’میں نیک خواہشات کے لیے دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ گزشتہ اکتوبر میں پیونگ یانگ میں ہماری ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے روایتی تعلقات ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے مشترکہ مفادات کے لیے یہ تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے اور فروغ پائیں گے۔‘‘


گزشتہ ماہ بھیجے گئے اپنے خط میں تو لام نے کہا تھا کہ سربراہی اجلاس کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں فریقوں نے معاہدوں پر عمل درآمد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویتنام، علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے شمالی کوریا کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2025 میں تو لام کے دورے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ 18 سال میں کسی اعلیٰ ویتنامی رہنما کا شمالی کوریا کا یہ پہلا دورہ تھا۔ مئی میں ویتنام کے وزیر خارجہ لے ہوئی ترونگ نے پیونگ یانگ میں اپنے شمالی کوریائی ہم منصب چو سون ہوئی سے ملاقات کی تھی۔ اس کے اگلے ماہ دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے وہاں عوامی تحفظ اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔