کشیدگی کے درمیان خلیجی ممالک کے دورے پر اٹلی کی وزیر اعظم میلونی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے کی ملاقات
جنگ سے قبل اٹلی کی کل گیس کی کھپت کا تقریباً 10 فیصد حصہ قطر سے آنے والی ’ایل این جی‘ سے پورا ہوتا تھا، جبکہ گزشتہ سال اٹلی کی کل تیل کی درآمدات میں مشرق وسطیٰ کے تیل کا حصہ تقریباً 12 فیصد تھا۔

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی اچانک خلیجی ممالک کے دورے پر پہنچی ہیں۔ وہ جمعہ (3 اپریل) کو سعودی عرب پہنچیں، جہاں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ رپورٹس کے مطابق اس 2 روزہ دورے کا مقصد ان خلیجی ممالک کے شراکت داروں کے تئیں حمایت کا اظہار کرنا ہے جو ایرانی حملوں کا سامنا کر رہے ہیں اور ساتھ ہی اٹلی کی اپنی توانائی کی سپلائی کو محفوظ بنانا ہے۔
جارجیا میلونی کے اس دورے میں سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کی سفر شامل ہے۔ واضح رہے کہ فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع کیے گئے تنازعہ کے بعد سے کسی یورپی یونین کے رہنما کا سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ ہے۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب روم میں تیل اور گیس کی سپلائی کی سیکورٹی کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ جنگ سے قبل اٹلی کی کل گیس کی کھپت کا تقریباً 10 فیصد حصہ قطر سے آنے والی لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) سے پورا ہوتا تھا، جبکہ گزشتہ سال اٹلی کی کل تیل کی درآمدات میں مشرق وسطیٰ کے تیل کا حصہ تقریباً 12 فیصد تھا۔ آبنائے ہرمز کے بند ہونے کے نتیجے میں اپریل سے جون کے وسط تک 10 بحری جہاز جو اٹلی جانے تھے، پھنسے ہوئے ہیں۔
میلونی نے اپنے مشرق وسطیٰ کے دورے کا آغاز جدہ سے کیا۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مکہ کے گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز سمیت سینئر سعودی افسران، مقامی عہدیداروں اور مملکت میں اٹلی کے سفیر نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
قابل ذکر ہے کہ قطر انرجی کے سی ای او اور توانائی کے امور کے وزیر مملکت نے گزشتہ ماہ خبر رساں ادارے ’رائٹرس‘ کو بتایا کہ ایرانی حملوں کی وجہ سے قطر کی ایل این جی برآمدی صلاحیت کا 17 فیصد حصہ بھی متاثر ہوا ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے اٹلی جون سے امریکہ میں واقع ’گولڈن پاس ایل این جی‘ سہولت مرکز سے لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) حاصل کرنا شروع کر دے گا۔ اس معاملے سے واقف 2 ذرائع نے جمعرات کو ’رائٹرس‘ کو یہ معلومات فراہم کیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔