لبنان کے ’بیوفورٹ قلعہ‘ پر لہرایا اسرائیلی جھنڈا، وزیر دفاع کاٹج نے اسے ’اسٹریٹجک فتح‘ قرار دیا
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے تصویر شیئر کرتے ہوئے ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ ’’اسرائیلی فوج نے، گولانی بریگیڈ کی قیادت میں، جنوبی لبنان کے بیوفورٹ قلعے پر قبضہ کر لیا ہے۔‘‘
اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے اتوار (31 مئی) کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک تصویر پوسٹ کی، جس میں جنوبی لبنان کے شہر نبطیہ کے قریب واقع بیوفورٹ قلعے پر اسرائیل اور گولانی بریگیڈ کا جھنڈا لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اسے ’اسٹریٹجک جیت‘ قرار دیا ہے۔ آئی ڈی ایف کے ترجمان نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ کے ذریعے علاقے میں موجود اپنے فوجیوں کی تصاویر بھی جاری کیں اور کہا کہ ہماری فوج اب لیطانی ندی کے شمال میں حزب اللہ کے خلاف مسلسل حملے کر رہی ہے۔ ایک تفصیلی پوسٹ میں انہوں نے اب تک کی کامیابیوں کو قابل تعریف قرار دیا۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے تصویر شیئر کرتے ہوئے ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ ’’اسرائیلی فوج نے، گولانی بریگیڈ کی قیادت میں، جنوبی لبنان کے بیوفورٹ قلعے پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہ کارروائی لیطانی ندی کے پار آپریشن کو وسعت دینے کے بعد کی گئی۔‘‘ کاٹز نے پوسٹ میں مزید کہا کہ وزیر اعظم بینجامن نیتن یاہو کی ہدایت اور ان کی اپنی رہنمائی میں اسرائیلی فوج نے لبنان میں فوجی مہم کو وسعت دی، لیطانی ندی کو عبور کیا اور بیوفورٹ پہاڑی سلسلے پر قبضہ کر لیا۔
اسرائیل کاٹز نے یہ بھی کہا کہ اس مہم میں رازداری برتی گئی تھی۔ کاٹز کے مطابق لڑائی اب بھی جاری ہے اور اسرائیل حزب اللہ کو کمزور کرنے اور شمالی سرحد کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ دراصل اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے 1982 میں اس قلعے پر قبضہ کیا تھا۔ اس دوران گولانی بریگیڈ کے 6 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ 1982 سے 2000 تک جنوبی لبنان پر 18 سالہ قبضے کے دوران اسرائیل نے اس قلعے کے علاقے کو اپنے کنٹرول میں رکھا تھا۔ بعد میں وہاں سے فوجیوں کو واپس بلا لیا گیا تھا۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
