ایرانی بادلوں کو اسرائیل چوری کر رہا ہے!

ایران کے شہری دفاع کے سربراہ غلام رضا جلالی نے اسرائیل پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بادل چوری کے نتیجہ میں ایران میں ماحولیاتی تبدیلی اور خُشک سالی نے جنم لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایران کے شہری دفاع کے سربراہ غلام رضا جلالی نے اسرائیل اور ایک دوسرے ملک پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ایران کے بادلوں کو چُرایا ، جس کے نتیجے میں ایران میں ماحولیاتی تبدیلی اور خُشک سالی نے جنم لیا۔ رضا جلالی ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک عسکری کمانڈر ہیں۔ اردو نیوز ویب سائٹ العربیہ نے اس رپورٹ کو شائع کیا ہے۔

ایرانی نیوز ایجنسی اِرنا نے پیر کے روز جلالی کے حوالے سے بتایا کہ’’ایران میں دیکھی جانے والی ماحولیاتی تبدیلیاں غیر قدرتی اور بیرونی مداخلت کا نتیجہ ہیں۔ ایرانی سائنسی مراکز اپنے تحقیقی مطالعوں کے ذریعے اس نتیجے تک پہنچے ہیں‘‘۔

جلالی نے مزید کہا کہ ’’اسرائیل اور ایک دوسرے ملک کی مشترکہ ٹیم ایران میں داخل ہونے والے بادلوں کو غیر برساتی بنانے پر کام کر رہی ہے۔ لہذا ہمیں بادلوں اور برف کی چوری کا سامنا ہے۔ بحیرہ روم تک افغانستان کے بالائی علاقوں کا جائزہ لینے والے تحقیقی مطالعوں کے مطابق 2200 میٹر تک بلند تمام پہاڑیوں پر برف موجود ہے مگر ہماری پہاڑیاں خشک ہیں‘‘۔

ایرانی عہدے دار کا یہ بیان ملک کے جنوب مغرب بالخصوص دو شہروں المحمرہ اور عبادان میں پانی کی آلودگی اور قلت کے سبب پھوٹ پڑنے والے عوامی احتجاج کے بعد سامنے آیا ہے۔ مظاہرین نے حکام پر بد انتظامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے علاقے کا پانی دیگر علاقوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایران میں پانی کی قلت پر احتجاج دیکھنے میں آ یا ہو۔ کئی ماہ قبل اصفہان شہر میں کاشت کار اپنے صوبے میں پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کے لیے نکل آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔