ایران کے بارے میں امریکی پالیسی جھوٹ پر حد سے زیادہ انحصار کا نتیجہ:اسماعیل بقائی
بقائی نے کہا کہ جو شخص خود سے جھوٹ بولتا ہے اور اپنے ہی جھوٹ پر یقین کرتا ہے، وہ اس مقام پر پہنچ جاتا ہے جہاں اسے اپنے اندر اور اپنے اردگرد موجود سچائی میں فرق کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے حوالے سے امریکی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور خطے کے بارے میں امریکی طرز حکمرانی اور خارجہ پالیسی جھوٹ پر حد سے زیادہ انحصار کی وجہ سے موجودہ صورتحال سے دوچار ہے۔
انہوں نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں روسی ادیب فیودور دوستوئیفسکی کے ناول ’دی برادرز کرامازوف‘ کے ایک اقتباس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقتباس ایران اور خطے کے بارے میں امریکی نظام حکومت اور خارجہ پالیسی کی موجودہ صورتحال کی درست عکاسی کرتا ہے، جو ’جھوٹ‘ پر حد سے زیادہ انحصار کے باعث اس مقام تک پہنچ چکی ہے۔
بقائی نے دوستوئیفسکی کے حوالے سے کہا کہ جو شخص خود سے جھوٹ بولتا ہے اور اپنے ہی جھوٹ پر یقین کرتا ہے، وہ اس مقام پر پہنچ جاتا ہے جہاں اسے اپنے اندر اور اپنے اردگرد موجود سچائی میں فرق کرنا مشکل ہوجاتا ہے اور وہ خود اپنے اور دوسروں کے لیے احترام کھودیتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
