آبنائے ہرمز میں ایران نے ٹوگو کے تیل ٹینکر کو بنایا نشانہ، دن بہ دن بڑھ رہی کشیدگی

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے فروری کے آخر میں ایران پر حملہ کیے جانے کے بعد سے تہران نے آبنائے ہرمز کی مؤثر ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>
i

ایران کے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز میں ٹوگو کے پرچم تلے چلنے والے ایک تیل ٹینکر پر حملہ کیا ہے۔ اس تیل ٹینکر کو قبضے میں بھی لے لیا گیا ہے، جس سے علاقے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ یہ اطلاع ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ نے دی ہے۔

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے فروری کے آخر میں ایران پر حملہ کیے جانے کے بعد سے تہران نے آبنائے ہرمز کی مؤثر ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ دراصل اسلامی جمہوریہ آمد و رفت کے لیے فیس عائد کرنا چاہتا ہے اور ان جہازوں پر حملہ کرتا ہے جن پر وہ اپنے پسندیدہ راستے کو نظر انداز کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتا ہے۔ تازہ حملہ سے متعلق آئی آر جی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ٹوگو کے پرچم والے تیل ٹینکر ’ٹرینڈ‘ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا اور حراست میں لے لیا گیا جب اس میں آگ لگ گئی۔‘‘ یہ بیان اہم آبی راستے سے غیر قانونی طور پر گزرنے کی کوشش سے متعلق دیا گیا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ ’یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز‘ (یو کے ایم ٹی او) نے جمعرات کو عمان کے خصب سے 16 سمندری میل (29.6 کلومیٹر) شمال مشرق میں آبنائے ہرمز میں سیکورٹی سے متعلق ایک واقعہ کی جانکاری دی۔ یو کے ایم ٹی او نے اس میں شامل جہاز کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دیں۔ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ کیا یہ وہی جہاز ہے جس کا ذکر آئی آر جی سی نے کیا ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم سمندری راستوں میں سے ایک ہے، کیونکہ یہ خلیج فارس اور خلیج عمان کو جوڑتا ہے۔ دنیا کی تیل کی نقل و حمل کا ایک بڑا حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے۔ یہ تقریباً 30 میل چوڑا ہے اور ایران و عمان کے درمیان واقع ہے۔ اس راستے سے روزانہ درجنوں ٹینکر گزرتے ہیں، جن کی آمد و رفت ایک منظم ٹریفک سیپریشن اسکیم (ٹی ایس ایس) کے ذریعہ ہوتی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔