’آبنائے ہرمز پر نہیں لگے گا ٹول، لیکن فیس ضرور لی جائے گی‘، ٹرمپ کے بیان پر ایران نے دیا سخت جواب
ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور ایران نے ایک معاہدہ پورا کر لیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز پھر سے کھل جائے گا اور امریکی بحریہ کی ناکہ بندی ختم ہو جائے گی۔

امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے تحت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے ’ٹول فری‘ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اب ایران کی جانب سے اس سلسلے میں اہم جواب آیا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ٹول نہیں لگے گا لیکن فیس ضرور لی جائے گی۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق ٹول کی وصولی ناجائز ہے لیکن کچھ خدمات کے لیے فیس لی جا سکتی ہے۔ حالانکہ ابھی یہ صاف نہیں ہے کہ ایران کون سی خدمات فراہم کرے گا۔ امریکہ-ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے سے پہلے آبنائے ہرمز میں کسی طرح کی فیس نہیں لی جاتی تھی۔ ایران کی جانب سے ٹول وصولی کا نام بدل کر فیسلٹی چارج (فیس) کیا گیا ہے۔ ’نیویارک ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق ایران نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعہ گزرنے والے جہازوں سے ٹول وصولی ناجائز ہے لیکن وہ ’ٹول‘ نہیں بلکہ ’سروسیز‘ کے لیے فیس وصول کرے گا۔
بتا دیں کہ اتوار کے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھل چکا ہے اور یہ ٹول فری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سمجھوتہ دنیا کی سب سے اہم توانائی گزرگاہوں میں سے ایک کو محفوظ کرے گا۔ ’دی نیویارک ٹائمس‘ کو دیئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ سمجھوتہ اس اسٹرٹیجک بحری راستے کو کھلا رکھنے میں مدد کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی خطے میں بڑی جنگ کے خطرے کو بھی کم کرے گا۔ اخبار کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ اس سمجھوتے سے آبنائے ہرمز’ہمیشہ کے لیے ٹول فری‘ رہے گا۔
ٹرمپ کے دعوے کے درمیان سامنے آئے ایران کے نئے بیان سے آبنائے ہرمز کے ٹول فری ہونے پر اب بھی معمہ بنا ہوا ہے۔ اگر ایران یہاں فیس وصول کرتا ہے تو عالمی توانائی سپلائی پر اس کا اثر پڑ سکتا ہے اور بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں ایک نئی مثال قائم ہو سکتی ہے۔ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور ایران نے ایک معاہدہ پورا کر لیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز پھر سے کھل جائے گا اور امریکی بحریہ کی ناکہ بندی ختم ہوجائے گی۔ امریکی صدر نے اسے مہینوں کی لڑائی کے بعد ایک بڑی کامیابی بتایا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
