انڈونیشیا کے نائب صدر نے دیا استعفیٰ، تعلیمی قابلیت پر اٹھ رہے تھے سوال

گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا تھا کہ راکا کی جانب سے اپنی غیر ملکی تعلیم کے متعلق جمع کرائے گئے دستاویزات انتخاب کی شرائط پر پورے نہیں اترتے۔

<div class="paragraphs"><p>جبران راکابومنگ راکا&nbsp;<a href="https://x.com/airnewsalerts">@airnewsalerts</a></p></div>
i

انڈونیشیا کے نائب صدر جبران راکابومنگ راکا نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے اسپیکر احمد مزانی نے اس کی تصدیق کی ہے۔ سابق صدر جوکو ویڈوڈو کے بیٹے جبران کی تعلیمی قابلیت پر مسلسل سوال اٹھ رہے تھے۔ استعفیٰ کے ساتھ ہی 2029 میں ختم ہونے والی مدت کار کے لیے ان کے جانشین کو منتخب کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس معاملے سے واقف لوگوں نے بتایا کہ جبران نے بدھ (11 نومبر) کی دیر رات صدر پرابوو سوبیانتو کو اپنے فیصلے کے بارے میں بتا دیا تھا، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

انڈونیشیا کے آئین کے مطابق نائب صدر کا عہدہ خالی ہونے پر نئے سرے سے انتخاب نہیں کرایا جاتا ہے۔ یہ عہدہ تب تک خالی رہتا ہے جب تک کہ ’پیپلز کنسلٹیٹو اسمبلی‘ صدر کی جانب سے نامزد 2 امیدواروں میں سے کسی ایک کا انتخاب کر کے اس عہدہ پر مقرر نہیں کر دیتی۔ یہ عمل 60 دن کے اندر مکمل ہونا چاہیے۔ ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا تھا کہ راکا کی جانب سے اپنی غیر ملکی تعلیم کے متعلق جمع کرائے گئے دستاویزات انتخاب کی شرائط پر پورے نہیں اترتے۔ اس کے بعد بدھ کو 8 سیاسی پارٹیوں کے 120 اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمانی قیادت کے پاس ایک عرضی دائر کی، جس سے ایک ایسے پارلیمانی عمل کا آغاز ہوا جو ان کے مواخذے تک جا سکتا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ جبران 2024 کے انتخاب میں پرابوو کے ساتھ نائب صدر منتخب ہوئے تھے۔ سابق صدر وڈوڈو پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے انتخابی قوانین میں تبدیلی سے متعلق عدالتی فیصلے کو متاثر کر کے پورے عمل میں مداخلت کی، جس سے جبران کے لیے انتخاب لڑنے کی راہ ہموار ہوئی۔ کئی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جبران کا استعفیٰ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پرابوو اور وڈوڈو کے درمیان اختلافات گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ اس سے حکومت مزید غیر مستحکم ہو سکتی ہے۔ موجودہ حکومت پہلے ہی گھوٹالوں اور معیشت کو سنبھالنے کی اپنی صلاحیت پر اٹھنے والے سوالات کا سامنا کر رہی ہے۔ حالانکہ جوکو وڈوڈو نے کہا کہ ’’ہم صدر پرابوو کی حکومت کی حمایت جاری رکھیں گے، خاص طور پر ان پروگراموں کی جو عام لوگوں کے مفاد میں ہیں۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔