ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان ہندوستانی برادری ایک متحرک پل کی مانند ہے: وزیر اعظم مودی
وزیر اعظم مودی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’تاشقند میں ہندوستانی برادری کی محبت اور اپنائیت سے میں بے حد متاثر ہوں۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی تاشقند دورے پر ہیں۔ انہوں نے یہاں کہا ہے کہ ہندوستانی تارکین وطن برادری ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان ایک متحرک پل کی مانند کام کرتے ہیں۔ وسطی ایشیائی ملک ازبکستان کے اپنے دو طرفہ دورے کے دوران تاشقند میں ہندوستانی برادری کے ایک بڑے گروپ نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ وزیر اعظم مودی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’تاشقند میں ہندوستانی برادری کی محبت اور اپنائیت سے میں بے حد متاثر ہوں۔ ہماری تارکین وطن برادری ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان ایک متحرک پل ہے، جو دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔‘‘
انہوں نے استقبالیہ تقریب کے دوران پیش کیے گئے ہندوستانی اور ازبک ثقافت کے امتزاج پر مبنی ثقافتی پروگراموں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کے گہرے ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ’ایکس‘ پر طبلہ پیش کرنے کی ایک جھلک شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہندوستانی اور ازبک موسیقی کی روایات کا شاندار سنگم ہے۔ طبلہ، ڈوئرہ اور چانگ جیسے سازوں کے ساتھ انتہائی خوبصورتی سے گھل مل گیا۔ یہ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘ ہندوستانی برادری کی کچھ خواتین نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے دوران انہیں راکھی بھی باندھی۔ انہوں نے فنکاروں کی جانب سے پیش کیے گئے ثقافتی پروگرام بھی دیکھے۔
وزیر اعظم مودی بچوں کے ذریعہ پیش کیے گئے رقص کو غور سے دیکھتے نظر آئے اور پروگرام کے بعد بچوں سے مصافحہ بھی کیا۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’تاشقند پہنچنے کے بعد صدر مرزیایوف کے ساتھ ’یانگی ازبکستان یادگار‘ پر خراج عقیدت پیش کرنے گیا۔ یہ یادگار ازبک عوام کی امنگوں اور ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔ سفر کا آغاز یہاں آکر کرنے پر خوشی ہے۔‘‘ وزیر اعظم مودی کے ساتھ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے یانگی ازبکستان پارک میں ازبک ثقافت اور تاریخ کی عکاسی کرنے والے فن پاروں کا مشاہدہ کیا۔
وزیر اعظم مودی نے تاشقند ہوائی اڈے پر پرتپاک استقبال کے لیے صدر مرزیایوف کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وہ ازبکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر پہنچے ہیں۔ ایک خصوصی اعزاز کے طور پر صدر مرزیایوف خود ہوائی اڈے پہنچے اور وزیر اعظم مودی کا استقبال کیا۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ 12 برسوں کے دوران مسلسل مضبوط ہونے والی دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔ تاشقند پہنچنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’صدر شوکت مرزیایوف نے تاشقند میں میرا پرجوش استقبال کیا۔ ان کے اس خصوصی اعزاز کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔ یہ میرا ازبکستان کا چوتھا دورہ ہے، جو ہمارے دو طرفہ تعلقات کی گہرائی اور مسلسل بڑھتی رفتار کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
