’زندہ رہنا ہے تو فوراً نکل جاؤ‘، مشرق وسطیٰ کے 14 ممالک میں موجود اپنے شہریوں کے لیے امریکہ نے جاری کیا الرٹ
کونسلر افیئرز کی اسسٹنٹ سکریٹری مورا نامدار نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا کہ ’’سنگین حفاظتی خطرات کے باعث امریکی شہری کمرشل فلائٹس یا کسی بھی دستیاب ذریعے سے فوری طور پر وہاں سے روانہ ہو جائیں۔‘‘

ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد اب صورتحال اتنی خطرناک ہو گئی ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے مشرق وسطیٰ کے 14 ممالک سے اپنے شہریوں کو ’فوراً نکل جاؤ‘ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ کونسلر افیئرز کی اسسٹنٹ سکریٹری مورا نامدار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا کہ ’’سنگین حفاظتی خطرات کے باعث امریکی شہری کمرشل فلائٹس یا کسی بھی دستیاب ذریعے سے فوری طور پر وہاں سے روانہ ہو جائیں۔‘‘ یہ الرٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے خلیجی ممالک میں موجود امریکی سفارت خانوں اور بیس پر ڈرون اور میزائل حملے تیز کر دیے ہیں۔
تازہ ترین واقعہ سعودی عرب کی راجدھانی ریاض میں پیش آیا، جہاں امریکی سفارت خانے پر 2 ڈرون سے حملہ کیا گیا۔ سعودی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے اس سے عمارت میں معمولی آگ لگی اور کچھ مادی نقصان ہوا، لیکن کوئی جانی نقصان یا شدید چوٹ نہیں آئی ہے۔ سفارت خانے نے ریاض، جدہ اور ظہران میں امریکیوں کو ’شیلٹر اِن پلیس‘ یعنی گھر میں رہنے اور باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ سفارت خانہ جانے سے منع کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں آگ اور دھواں نظر آ رہا ہے، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے 14 ممالک سے امریکی شہریوں کو فوری طور پر نکلنے کو کہا گیا ہے، جن میں بحرین، مصر، ایران، عراق، اسرائیل، ویسٹ بینک (مغربی کنارہ) اور غزہ، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور یمن شامل ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ خطرات انتہائی سنگین ہیں، شہری دستیاب کمرشل ذرائع سے فوری روانہ ہو جائیں۔ کئی ہوائی اڈے بند ہیں اور پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں لیکن جو بھی ذریعہ دستیاب ہوں ان کا استعمال کریں۔ مدد کے لیے ہیلپ لائن +1-202-501-4444 (بیرون ملک سے) یا +1-888-407-4747 (امریکہ سے) پر کال کریں اور STEP.gov پر رجسٹریشن کروائیں۔
واضح رہے کہ امریکہ نے اپنے شہریوں کو محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے ایمرجنسی ٹاسک فورس فعال کر دی ہے، لیکن ابھی زیادہ تر انحصار کمرشل پروازوں پر ہے۔ اگر آپ یا آپ کا کوئی جاننے والا وہاں ہو تو فوری طور پر محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ چیک کریں اور نکلنے کی کوشش کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔