فرانس یوکرین کو ایئر ڈیفنس سسٹم کی سپلائی تیز کرے گا: زیلنسکی
زیلنسکی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’فرانس کے صدر امینوئل میکروں کے ساتھ میری بہت اچھی بات چیت ہوئی۔ آج ہم نے تقریباً 2 گھنٹے تک تمام اہم امور پر بات کی۔ اس میں سب سے اہم ایئر ڈیفنس کی ضرورت ہے۔‘‘

یوکرین کے صدر ولودمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ فرانس کے صدر امینوئل میکروں کے ساتھ فون پر بات چیت کے بعد فرانس نے یوکرین کو سازوسامان اور میزائل بھیجنے کے عمل کو تیز کرنے اور متعلقہ میزائلوں کی تیاری کے لیے لائسنس دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ زیلنسکی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے میکروں کو یوکرینی علاقے پر حالیہ حملوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں اور اس بات پر زور دیا کہ ایئر ڈیفنس سسٹم یوکرین کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ ’سنہوا‘ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ میکروإ نے یوکرین اور ان اتحادی ممالک کے درمیان بات چیت میں مدد کرنے کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی ہے، جن کے پاس پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے لیے ضروری میزائل موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر زیلنسکی نے لکھا کہ ’’فرانس کے صدر امینوئل میکروں کے ساتھ میری بہت اچھی بات چیت ہوئی۔ آج ہم نے تقریباً 2 گھنٹے تک تمام اہم امور پر بات کی۔ اس میں سب سے اہم ایئر ڈیفنس کی ضرورت ہے۔ ہم اس بات کی بہت قدر کرتے ہیں کہ فرانس کے صدر ہمارے ان دیگر اتحادیوں سے بات کرنے میں مدد کرنے کے لیے تیار ہیں، جن کے پاس پیٹریاٹ میزائل ہیں۔ ہم نے فرانس کی ایئر ڈیفنس صلاحیتوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ میں نے ایمانوئل کو حملوں کی صورتحال کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ جان گنوانے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کرنے پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔‘‘
زیلنسکی نے مزید کہا کہ ’’ہم نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ سفارتی کام کی صورتحال اور امریکی صدر کی ٹیم کے ساتھ بات چیت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ ہم ایسے اقدامات پر متفق ہوئے جن سے مزید سفارتی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ ہم نے رواں سال اور آئندہ سال اپنے دفاعی نظام کے لیے درکار فنڈز کی ضرورت پر بھی بات کی۔ ہم نے ان دفاعی معاہدوں کی نشاندہی کی، جنہیں ہمارے دوطرفہ تعلقات میں تیزی سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔‘‘
امینوئل میکروں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یوکرین میں ایک شاپنگ سنٹر پر ہوئے حملے میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کی ہلاکت سے انہیں گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے زیلنسکی کو یقین دلایا کہ فرانس یوکرین کی ایئر ڈیفنس صلاحیتوں کے لیے اپنی حمایت میں اضافہ کرے گا، خاص طور پر انٹرسیپٹر میزائل فراہم کر کے۔ یوکرین کی قومی خبر رساں ایجنسی ’یوکرین فارم‘ کے مطابق جمعہ کو وسطی یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں روسی ڈرون حملوں نے ایک شاپنگ سنٹر اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا، جس میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 130 دیگر زخمی ہوگئے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
