’فلائی دبئی‘ نے اسرائیل جانے اور آنے والی سبھی پروازوں کو عارضی طور پر روکنے کا کیا اعلان
’فلائی دبئی‘ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور تل ابیب کے بین گورین ایئرپورٹ کے درمیان روزانہ 10 پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔ سبھی پروازوں کو عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دبئی کی ایئرلائن ’فلائی دبئی‘ نے اسرائیل آنے جانے والی اپنی تمام پروازیں عارضی طور پر روک دی ہیں۔ یہ فیصلہ 30 ستمبر کو فلائٹ ’ایف زیڈ 1073‘ میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد لیا گیا ہے۔ طیارہ نے سعودی عرب میں ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی اور پرواز کے دوران کچھ وقت کے لیے ایسے ایمرجنسی کوڈ بھیجے گئے تھے، جن میں ممکنہ ہائی جیکنگ سے متعلق کوڈ بھی شامل تھا۔
’فلائی دبئی‘ کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے اور واقعہ سے متعلق تمام حقائق سامنے آنے تک اسرائیل کے لیے اور اسرائیل سے آنے والی سبھی پروازیں معطل رہیں گی۔ کمپنی نے مسافروں، عملے اور اپنی پروازوں کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ’فلائی دبئی‘ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور تل ابیب کے بین گوریون ایئرپورٹ کے درمیان روزانہ 10 پروازیں چلا رہی تھی۔ کمپنی نے کہا کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہی ہے اور اپنے پورے ایئر نیٹورک میں سیکورٹی کے طے شدہ معیارات برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ سرکاری ایجنسیوں، ریگولیٹروں اور ایئرپورٹ حکام کے رابطے میں ہے۔ کمپنی نے کہا کہ جیسے جیسے تحقیقات سے متعلق مزید معلومات سامنے آئیں گی، پروازوں پر عائد پابندی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ’فلائی دبئی‘ نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کی ہے اور جہاں ممکن ہوگا، انہیں سفر کے لیے متبادل انتظام فراہم کرنے کی بات کہی ہے۔
واضح رہے کہ فلائٹ ’ایف زیڈ 1073‘ بدھ کی صبح دبئی سے بین گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ فلائی دبئی کے مطابق پرواز کے دوران کاک پٹ میں پائلٹوں کے درمیان تنازعہ ہوا۔ کمپنی نے بتایا کہ شریک پائلٹ نے طیارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور بعد میں کیپٹن اسمت ماچھر پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ کیپٹن ماچھر طیارے کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے، اور زخمی ہونے کے باوجود انھیں اس میں کامیابی ملی۔
بتایا جاتا ہے کہ واقعہ کے وقت بوئنگ 737 میکس طیارہ تقریباً 34 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ اس کے بعد طیارہ تقریباً 23 ہزار فٹ فی منٹ کی رفتار سے نیچے آنے لگا اور تقریباً 15,600 فٹ کی بلندی تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد طیارے نے سعودی عرب میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے اور ’فلائی دبئی‘ نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اسرائیل کے ساتھ اس کی پروازیں بند رہیں گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
