جاپان میں زلزلے نے مچائی تباہی: شاپنگ مال منہدم، پٹری سے اتری ٹرین، اب تک 13 افراد کی موت، متعدد لاپتہ
زلزلے کا سب سے زیادہ اثر کیوشو جزیرے کے کماموٹو خطے میں دیکھنے کو ملا۔ کاشیما ٹاؤن میں واقع ایک بڑے شاپنگ مال کی دوسری منزل منہدم ہو گئی، جس کی وجہ سے کئی لوگ ملبے میں پھنس گئے۔

جاپان کے جنوب مغربی حصے میں منگل (28 جولائی) کو 7.1 کی شدت کا ایک طاقتور زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ اس آفت میں اب تک 13 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور کئی لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی متعدد افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں، جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔ جاپان کی وزیر اعظم سانے تکائچی نے کہا کہ جنوب مغربی جاپان کے کچھ حصوں میں آئے طاقتور زلزلے کے باعث 13 افراد کی موت ہو گئی ہے۔
وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم سانے تکائچی متاثرہ افراد سے شدید گرمی کے دوران اپنی صحت کا خاص خیال رکھنے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ زلزلے کا سب سے زیادہ اثر کیوشو جزیرے کے کماموٹو خطے میں دیکھنے کو ملا۔ کاشیما ٹاؤن میں واقع ایک بڑے شاپنگ مال کی دوسری منزل منہدم ہو گئی، جس کی وجہ سے کئی لوگ ملبے میں پھنس گئے۔ دوسری جانب یاتسوشیرو میں واقع ’نپون پیپر انڈسٹریز‘ کے کارخانے کی چمنی گرنے کے سبب بھی کئی لوگ اس کے نیچے دب گئے۔ دونوں جگہوں پر امدادی ٹیمیں مسلسل بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔ یاتسوشیرو شہر کے ایک اسپتال میں تقریباً 40 زخمی لوگوں کو بھرتی کیا گیا اور تقریباً 50 دیگر افراد کو کماموٹو شہر کے ایک اسپتال میں لے جایا گیا۔ آسو کماموٹو ہوائی اڈہ کا رنوے بند کر دیا گیا ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ فلائٹ دوبارہ کب شروع ہوگی۔ دوسری جانب یاتسوشیرو اسٹیشن پر ایک ٹرین پٹری سے اتر کر لٹک گئی۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ 260000 سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کا مشورہ دیا گیا ہے، جن میں زیادہ تر کماموٹو صوبے کے رہائشی ہیں۔ جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس کے جوان بھی امدادی اور بچاؤ مہم میں شامل ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پانی، کھانا اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے، انتظامیہ نے کہا کہ مقامی امدادی ٹیمیں اور فوج مل کر ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جاپان کے محکمہ موسمیات نے لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
