صبح 3 ممالک میں زلزلے کے جھٹکے، تبت میں کل آئے زلزلہ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 16 ہوئی
آج صبح چین، پاکستان اور افغانستان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سیسمولوجیکل سروے کے مطابق تینوں ممالک میں آنے والے زلزلوں کی شدت 4.1 سے 4.9 کے درمیان تھی۔

جمعہ یعنی آج صبح چین، پاکستان اور افغانستان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق تینوں ممالک میں آنے والے زلزلوں کی شدت 4.1 سے 4.9 کے درمیان تھی۔ این سی ایس کے مطابق چین میں صبح 6:05 پر 4.4 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس دوران پاکستان میں صبح 4 بج کر 56 منٹ پر 4.9 شدت کا زلزلہ آیا۔ افغانستان میں صبح 5 بج کر 54 منٹ پر 4.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس سے قبل جمعرات کی شام تبت کے علاقے میں 7 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ زلزلے میں اب تک کم از کم 16 افراد ہلاک اور 54 زخمی ہو چکے ہیں۔ اس تیز اور افرا تفری پیدا کر دینے والے زلزلہ کے سبب شمالی ناگکو شہر میں سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق کم از کم 339 مکانات اور جانوروں کے 20 شیڈ منہدم ہوئے۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ناگکو میڈیا آفس نے اطلاع دی ہے کہ مقامی کاؤنٹی کے 1,600 سے زیادہ لوگوں کو راحت اور بچاؤ کے کاموں میں تعینات کیا گیا ہے۔ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں 1,000 پہلے سے تیار شدہ مکانات، تقریباً 3,000 خیمے اور فولڈنگ بیڈز پہنچا دیے گئے ہیں۔ ٹارچ اور موسم سرما کے ملبوسات بھی بھیجے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خطے کے کچھ حصوں میں مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ مقامی ریلوے حکام نے احتیاط کے طور پر علاقے سے گزرنے والی ٹرینوں کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔ زلزلے کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے نیشنل ہائی وے 317 کا ایک حصہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ اس راستے پر فی الحال صرف ہنگامی اور سرکاری امدادی گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہے۔ ٹیمیں سڑک سے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔
زلزلے سے متاثرہ علاقے میں اگلے 3 دنوں کے دوران وقفے وقفے سے برف باری متوقع ہے جس سے امدادی اور بچاؤ کے کاموں میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں خطے میں آنے والا یہ سب سے بڑا زلزلہ ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
