پیرو میں زلزلہ نے 6 لوگوں کی لی جان، 20 سے زائد زخمی، سینکڑوں افراد بے گھر

پیرو کے نیشنل سول ڈیفنس انسٹی ٹیوٹ نے کہا ہے کہ لاپتہ لوگوں کی مجموعی تعداد ابھی پتہ نہیں چل پائی ہے۔ کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں یا انھیں نقصان پہنچا، جن میں مقامی چرچ اور کانوینٹ بھی شامل ہیں۔

زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
i

پیرو کے اینڈیز علاقے میں اتوار کو 5.5 شدت کا زلزلہ آیا، جس میں کم از کم 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اس زلزلہ میں 20 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے، جبکہ 300 سے زائد افراد کے بے گھر ہونے کی اطلاع ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کا مرکز وانکایو صوبے کے سکایا شہر سے 2 کلومیٹر مغرب-جنوب مغرب میں تھا۔ یہ زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرو میں 2 زلزلے آئے ہیں، جن میں سے ایک کی شدت 5.1 بتائی جا رہی ہے۔ زلزلہ کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سامنے آئی ہیں، جن میں لوگوں کو دہشت میں مبتلا دیکھا جا سکتا ہے۔ پیرو کے نیشنل سول ڈیفنس انسٹی ٹیوٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی حتمی تعداد کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ کئی عمارتیں منہدم ہوئی ہیں یا پھر انہیں نقصان پہنچا ہے۔ ان میں مقامی چرچ اور کانوینٹ بھی شامل ہیں۔ مقامی سول ڈیفنس دفتر کے سربراہ لوئس واسکیز نے صحافیوں کو بتایا کہ اینڈیز علاقے میں تعمیراتی کاموں میں کچی اینٹوں (ایڈوب) کے استعمال کی وجہ سے اثر اور نقصان زیادہ ہوا۔


قابل ذکر ہے کہ پیرو میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں، کیونکہ یہ بحرالکاہل کے رِنگ آف فائر علاقے میں واقع ہے۔ تازہ زلزلہ نے لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا کی جانب سے دکھائی گئی تصاویر میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سے ایک چونگو باخو کے زرعی علاقے میں متاثرین کے رشتہ داروں کا دکھ اور درد نظر آیا۔ یہاں لوگ بری طرح تباہ شدہ گھروں کے باہر کمبل اوڑھے بیٹھے تھے۔ ملبے کے نیچے جانور بھی نظر آئے۔ ہرمی نیگلڈا گوامالاتو نے ایک مقامی ریڈیو کو بتایا کہ ’’میرا گھر تباہ ہو گیا ہے۔‘‘ وہ پڑوسی صوبے وایوکاشی میں اپنے 3 بچوں کے ساتھ رہنے کے لیے جگہ تلاش کر رہی تھیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔