رات کو پھر آیا زلزلہ، خوفزدہ لوگ اپنے گھروں سے بھاگے
جمعہ کو یکے بعد دیگرے زلزلوں نے تباہی مچادی۔ زلزلے کے جھٹکوں سے کئی عمارتوں، سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا جس کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

تصویر بشکریہ آئی اے این ایس
میانمار میں کل28 مارچ کو تباہی مچانے کے بعد رات گئے ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تاہم یہ زلزلہ اتنا طاقتور نہیں تھا جتنا کہ دن کے وقت آنے والا زلزلہ تھا۔ نیشنل سیسمولوجی سینٹر کے مطابق 28 مارچ کی رات 11.56 بجے آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے سے پہلے دن کے وقت لگاتار دو زلزلوں میں 150 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے تھے۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں بھی اس نے تباہی مچادی۔ ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
این سی ایس کے مطابق، میانمار میں کل28 مارچ کی رات 11.56 بجے زلزلہ آیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 4.2 ناپی گئی۔ اس کا مرکز زمین کے اندر 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ گزشتہ روز دن میں آئے زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی جس کے بعد فوج نے ملک کی کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔
میانمار میں کل 28 مارچ کو دو شدید زلزلے آئے۔ یو ایس جی ایس کے مطابق میانمار کے شہر ساگانگ میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.7 تھی۔ اس زلزلے کے کچھ ہی دیر بعد 6.4 شدت کا دوسرا زلزلہ آیا۔ اس زلزلے کے جھٹکے تھائی لینڈ میں بھی محسوس کیے گئے۔ جہاں تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں کئی عمارتیں گر گئیں جس میں متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے بعد بنکاک کو ایمرجنسی زون قرار دے دیا گیا ہے۔ چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق جمعہ کو چین میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.9 ریکارڈ کی گئی۔
ملک میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد میانمار کی فوج نے کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ ان شہروں میں ساگانگ، مانڈلے،نےپیداؤ، باگواور ماگوےکے علاقوں کے ساتھ ساتھ مشرقی ریاست شان شامل ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اس زلزلے کا مرکز خود ساگانگ تھا۔ اس لیے زلزلے کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان وسطی علاقے کو ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔