عراق میں خور مور گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ، بجلی پروڈکشن میں تقریباً 2.8 گیگاواٹ کی گراوٹ درج!

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق خور مور گیس فیلڈ اچانک بند ہونے سے اربیل، سلیمانیہ، بازیان، چمچمال اور دہوک سمیت اہم شہروں میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ڈرون کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i

عراق میں ڈرون حملہ کے بعد توانائی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ یہاں کردستان کے صوبہ سلیمانیہ میں واقع خور مور گیس فیلڈ پر ڈرون سے حملہ کیا گیا ہے۔ اس حملہ کے نتیجے میں نیشنل بجلی گرڈ میں بجلی کی پیداوار میں تقریباً 2.8 گیگاواٹ کی بھاری کمی درج کی گئی ہے۔ وزارت توانائی کے ترجمان امید احمد نے بتایا کہ ڈرون دھماکہ کی وجہ سے پورے علاقے میں بجلی پیدا کرنے والے مراکز کو گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق خور مور گیس فیلڈ اچانک بند ہونے سے اربیل، سلیمانیہ، بازیان، چمچمال اور دہوک سمیت اہم شہروں میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ اس کی وجہ سے وہاں کے بجلی پیدا کرنے والے مراکز کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بجلی کا گرڈ پوری طرح ٹھپ نہ ہو، اس کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت ہنگامی پروٹوکول نافذ کر دیے ہیں۔


حکام نے کہا ہے کہ مکمل بلیک آؤٹ سے بچنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اس کے تحت ڈوکن اور دربندیخان ڈیموں پر قائم پن بجلی گھروں اور دیگر ایندھن سے چلنے والے بجلی پیدا کرنے والے مراکز کی مدد لی جا رہی ہے تاکہ اسپتالوں اور پن بجلی گھروں جیسے حساس اور اہم مقامات تک بجلی پہنچائی جا سکے۔ دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرون کے حملے کے بعد گیس کی پیداوار کچھ وقت کے لیے روک دی گئی ہے۔ یہ شمالی عراق کے سب سے بڑے گیس فیلڈز میں سے ایک ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کرد سیکورٹی فورسز نے ڈرون حملوں کی تصدیق کی ہے۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے باضابطہ طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ بنیادی ڈھانچے کو کتنا نقصان پہنچا ہے اور آیا کسی طرح کا جانی و مالی نقصان ہوا ہے، اس کا سرکاری جائزہ سامنے آنا ابھی باقی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ خور مور گیس فیلڈ، کردستان خطے کے تھرمل پاور اسٹیشنوں کے لیے توانائی کی شہ رگ ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران اس پر کئی مرتبہ ڈرون اور راکٹ سے حملے ہوچکے ہیں۔ ان حملوں کی وجہ سے اکثر بجلی کی فراہمی ٹھپ ہوجاتی ہے۔ توانائی کے اس مرکز پر حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے، جب کرد حکام اور تہران کے درمیان اعلیٰ سطح کی سکیورٹی بات چیت جاری ہے۔

کردستان کی علاقائی حکومت (کے آر جی) کے صدر نے شمالی عراق میں سرحد پار سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی استحکام برقرار رکھنے کے لیے ایرانی وفد سے ملاقات بھی کی۔ دونوں فریقوں نے خطے میں استحکام برقرار رکھنے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ پرامن حل اور سفارت کاری کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔ صدر نے کہا کہ بات چیت کے دوران ایران، عراق اور کردستان کے علاقائی حکام کے درمیان موجودہ سیکورٹی معاہدے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔