عراق: مقتدیٰ الصدر کے سیاست سے اعلانِ دستبرداری کے بعد بغداد میں جھڑپیں، 20 افراد ہلاک، 350 زخمی

عراق میں جاری سیاسی تعطل کے درمیان قدآور شیعہ لیڈر مقتدیٰ الصدر کے سیاست چھوڑنے کے فیصلے کے بعد پیر کے روز سے بغداد میں جاری تشدد آمیز واقعات کو روکا نہیں جا سکا ہے اور اب تک 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

بغداد: عراق میں جاری سیاسی تعطل کے درمیان قدآور شیعہ لیڈر مقتدیٰ الصدر کے سیاست چھوڑنے کے فیصلے کے بعد پیر کے روز سے بغداد میں جاری تشدد آمیز واقعات کو روکا نہیں جا سکا ہے۔ ان واقعات میں اب تک تقریباً 20 افراد ہلاک اور 350 زخمی ہو گئے ہیں۔

مقتدیٰ الصدر کے حامی نوجوان ان کے اعلان پر احتجاج کرتے ہوئے بغداد کی سڑکوں پر نکل آئے تھے اور ان کی تہران کے حمایت یافتہ گروہوں کے حامیوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ انہوں نے بغداد کے انتہائی سیکورٹی والے علاقے ’گرین زون‘ کے باہر ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا۔ رپورٹ کے مطابق بغداد کے گرین زون میں ہونے والی خون ریز جھڑپوں میں دو عراقی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔


مقامی صحافیوں نے بتایا کہ بغداد کے وسطی علاقے میں فائرنگ کی بازگشت سنائی دی ہے اور نامعلوم مقام سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ہے لیکن یہ واضح نہیں تھا کہ یہ فائرنگ کس نے کی ہے۔ پولیس اور طبی کارکنوں نے جھڑپوں میں قبل ازیں فائرنگ سے مقتدیٰ الصدر کے آٹھ حامیوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔ اس سے پہلے انھوں نے دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔

بعض صحافیوں نے بتایا ہے کہ بغداد کے گرین زون میں اس وقت براہ راست فائرنگ شروع ہو گئی جب مقتدیٰ الصدر کے سیکڑوں حامیوں نے قلعہ بند گرین زون میں واقع سرکاری عمارت ری پبلکن پیلس پر دھاوا بولا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مقتدیٰ الصدر کے حریف شیعہ بلاک یعنی ایران نواز رابطہ فریم ورک کے حامیوں نے پہلے فائرنگ کی تھی۔سکیورٹی فورسز نے گرین زون کے داخلی دروازے پر صدری تحریک کے حامیوں کو منتشر کرنے کے لیے اشک آورگیس کے گولے داغے ہیں اور اس کے بعد وہ سرکاری محل کو خالی کرنے پرمجبور ہو گئے۔


مقتدیٰ الصدر نے قبل ازیں سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے ردعمل میں ان کے ناراض پیروکار ری پبلکن محل میں داخل ہو گئے۔ ان کے حامیوں نے سیمنٹ کی رکاوٹوں کو رسیوں سے نیچے اتارا اور محل کے دروازے توڑ دیے۔ بہت سے لوگ محل کے شاندار سیلونوں اور سنگ مرمر والے ہالوں میں داخل ہو گئے۔ یہ محل عراقی سربراہان مملکت اور غیر ملکی معززین کے درمیان ملاقاتوں کی ایک اہم جگہ ہے۔

عراق کے السامریہ چینل نے بتایا کہ گرین زون میں پرتشدد مظاہروں کے دوران وفاقی پولیس چیف احمد حاتم الاسدی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ٹی وی چینل نے الاسدی کی سکیورٹی پرمامور ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ پولیس چیف پرتشدد مظاہروں اور جھڑپوں میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔

سہ پہر کے وقت سکیورٹی فورسز نے سرکاری محل کے احاطے سے صدری تحریک کے حامیوں کو نکالنے کے لیے آنسو گیس کے کنستراور اور شور پیدا کرنے والے دستی گولے داغے تھے۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */