ایران پر امریکہ و اسرائیل کی فوجی کارروائی میں 201 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ، 10 پوائنٹس میں سمجھیں تازہ حالات
ایرانی میڈیا نے ایران کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالہ سے بتایا ہے کہ امریکہ و اسرائیل کے حملوں میں ایران کے 24 خطے متاثر ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں 201 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 747 زخمی ہوئے ہیں۔

امریکہ و اسرائیل کے ذریعہ ایران پر کی گئی فوجی کارروائی کے بعد ایران نے جس طرح سے جوابی حملہ کیا ہے، اس نے حالات انتہائی سنگین بنا دیے ہیں۔ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے ذریعہ کیا گیا حملہ انتہائی تباہ ناک بتایا جا رہا ہے۔ ایرانی میڈیا نے ایران کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالہ سے بتایا ہے کہ امریکہ و اسرائیل کے حملوں میں ایران کے 24 خطے متاثر ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں 201 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 747 زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کئی علاقوں میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور راحت و بچاؤ کاری کا عمل جاری ہے۔
اس درمیان ایران کی اسلامک ریولوشنری گارڈ کارپس (آئی آر جی سی) نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکہ کے خلاف بڑی جوابی کارروائی میں کم از کم 14 فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں سینکڑوں امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔ چونکہ ایران نے کئی خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، اس لیے زبردست تباہی کے اندیشے ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ابھی تک نقصان سے متعلق صحیح جانکاری سامنے نہیں آ پائی ہے، لیکن مختلف میڈیا رپورٹس میں ہلاکتوں اور دیگر نقصانات کی خبریں الگ الگ ذرائع سے سامنے آ رہی ہیں۔ دنیا کے کئی ممالک اس جنگ کے شروع ہونے پر فکر مند ہیں۔ جنگ کے تازہ حالات کو سمجھنے کے لیے آئیے 10 اہم نکات پر نظر ڈالتے ہیں...
امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر مشترکہ فضائی حملہ کیا، جس میں ایران کے 30 شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے جواب میں ایران نے بھی جوابی کارروائی کی۔ ایران نے آپریشن ’فتح خیبر‘ کے تحت مشرق وسطیٰ کے 8 سے زائد ممالک پر حملے کیے، جس کے بعد پورے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دبئی اور ابو ظہبی میں دھماکوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد ہوائی اڈے پر تمام پروازیں اگلے احکامات تک معطل کر دی گئی ہیں۔ دبئی کے پام جمیرہ میں واقع فیئر مونٹ ہوٹل پر بھی میزائل حملہ کیا گیا ہے۔
ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اپنے جواب میں ’کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں دکھائے گا۔‘ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ’’اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کا دفاع کیا جائے اور دشمن کے فوجی حملے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔‘‘
ایرانی حملوں کے باعث کویت میں رمضان کی تراویح کی نماز منسوخ کر دی گئی ہے۔ کویت نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی حملوں کے پیش نظر صرف عشا کی نماز ادا کی جائے گی، تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہو سکے۔
اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ جاری جنگ کے درمیان ایران نے ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس نے امریکی جنگی جہاز ’ایم ایس ٹی‘ کو تباہ کر دیا ہے۔
جنوبی ایران کے میناب میں لڑکیوں کے ایک اسکول پر ہونے والے فضائی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ حکام کے مطابق مرنے والوں کی تعداد تقریباً 85 تک پہنچ چکی ہے۔ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑے پیمانے پر فضائی حملے اور جوابی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں عام شہریوں سمیت متعدد اسکولوں، گھروں اور رہائشی علاقوں میں شدید تباہی ہوئی ہے۔
قطر ٹورزم کی جانب سے جاری ایک سرکلر کے مطابق عوامی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے نوٹس تک تمام عوامی پروگراموں، ہجوم والے اجتماعات اور ہوٹلوں و سیاحتی اداروں میں ہونے والی تقریبات معطل کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہی آئندہ فیصلہ کیا جائے گا۔
اسرائیل میں ہندوستان کے سفیر جے پی سنگھ نے بتایا کہ سفارت خانہ اُن ہندوستانیوں سے رابطہ میں ہے جو اسرائیل میں قلیل مدتی قیام پر تھے اور واپس لوٹنے والے تھے۔ فی الحال فضائی حدود بند ہونے کے باعث پروازیں آپریٹ نہیں ہو رہیں، اس لیے متعلقہ حکام کے ساتھ تال میل قائم کر کے حالات معمول پر آتے ہی اُن کی محفوظ واپسی کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت زمینی راستے سے سفر کرنا بھی موزوں نہیں ہے۔ اسرائیل میں مقیم ہندوستانیوں کے لیے 2 ایڈوائزریاں جاری کی گئی ہیں اور سب سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفارت خانے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر میزائل حملوں کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا اثر کھیلوں کی دنیا پر بھی پڑا ہے۔ ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو دبئی ایئرپورٹ پر پھنس گئی ہیں، جہاں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ سندھو برمنگھم میں ہونے والے آل انگلینڈ اوپن میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں اور دبئی میں کنیکٹنگ پوائنٹ تھا۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ راجدھانی مناما میں کئی رہائشی عمارتیں ایرانی حملوں کی زد میں آئی ہیں۔ وزارت کے مطابق ان حملوں سے رہائشی علاقوں کو نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس کے حالیہ حملوں میں ایران کے کئی سینئر افسران مارے گئے ہیں۔ فوجی کارروائی سے واقف ایک ذرائع کے مطابق ان حملوں میں اعلیٰ عہدیداروں و افسران کو نشانہ بنایا گیا اور انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔