’چین نے گلیشیئر سے متعلق فراہم نہیں کی صحیح اطلاع‘، تباہی کے بعد نیپال کا الزام

نیپال کے ’محکمۂ ہائیڈرولوجی‘ کا کہنا ہے کہ چین صرف شدید بارش کی پیش گوئی بھیجتا ہے، جبکہ نیپال کو گلیشیئر ٹوٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور آبی سطح سے متعلق ہر 10 منٹ پر صحیح اطلاع کی ضرورت ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نیپال میں سیلاب کے بعد تباہی کا منظر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

نیپال میں آئے اچانک سیلاب کے نتیجے میں اموات کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ خبر کے مطابق تقریباً 3000 افراد لاپتہ ہیں۔ چین اور نیپال کے درمیان سیلاب کے حوالے سے ڈاٹا شیئر کرنے پر اختلاف ہے۔ مئی میں نیپال کی راجدھانی کاٹھمنڈو میں نیپال اور چینی حکام کے درمیان قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ کے 3 ماہ بعد 26 اگست کو نیپال-تبت سرحد پر گلیشیئر ٹوٹنے کی وجہ سے تباہ کن سیلاب آیا۔

اس سانحہ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان قدرتی آفات سے متعلق اطلاعات شیئر کرنے کو لے کر سوال اٹھ رہے ہیں۔ نیپال جہاں مکمل اطلاعات نہیں ملنے کی شکایت کر رہا ہے، وہیں چین کا کہنا ہے کہ انہوں نے وقت پر سب کچھ شیئر کیا تھا۔ نیپال کا کہنا ہے کہ اس نے چین سے گلیشیئر کی ہلچل، ندیوں کی آبی سطح اور شدید بارش سے متعلق ڈاٹا طلب کیا تھا، تاکہ قبل از وقت وہ تیاریاں کر سکے، لیکن اسے چین کے ذریعہ اتنی اطلاع نہیں ملی، جتنی امید تھی۔


نیپال کے ’محکمۂ ہائیڈرولوجی‘ کا کہنا ہے کہ چین صرف شدید بارش کی پیش گوئی بھیجتا ہے، جبکہ نیپال کو گلیشیئر ٹوٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور آبی سطح سے متعلق ہر 10 منٹ پر صحیح اطلاع کی ضرورت ہے، تاکہ لوگوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔ نیپال اب چین کے ساتھ بھی ہندوستان جیسا معاہدہ کرنا چاہتا ہے، جس کے تحت ندیوں اور موسم سے متعلق اعداد و شمار مسلسل اور وقتاً فوقتاً شیئر کیے جاتے ہیں۔

چین نے نیپال کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ضروری معلومات وقت پر شیئر کی تھیں۔ چینی سفارت خانے کے مطابق ہمالیہ کا یہ سرحدی علاقہ انتہائی دشوار گزار ہے، اس لیے وہاں نگرانی کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ حادثے سے 12 دنوں قبل ہی محکمۂ موسمیات نے نیپال کو ای میل بھیج کر شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ جیسی قدرتی آفات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔