میں واپس آؤں گی اور بنگلہ دیش کی سرزمین پر ہی انصاف ہوگا: شیخ حسینہ

ایک اور کیس میں شیخ حسینہ، ان کی بہن شیخ ریحانہ اور خاندان کے دیگر چار افراد سمیت 23 افراد کے خلاف پلاٹ کی الاٹمنٹ میں بدعنوانی کے الزام میں چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اور ان کی بیٹی صائمہ واجد پوتول سمیت 18 افراد کے خلاف نئے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ پوروانچل نیو ٹاؤن پروجیکٹ میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے یہ کارروائی کی گئی ہے۔

ڈھاکہ سٹی کے سینئر اسپیشل جج ذاکر حسین نے جمعرات کو یہ حکم دیا۔ انہوں نے یہ وارنٹ اینٹی کرپشن کمیشن (اے سی سی) کی چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے جاری کیا اور 5 مئی تک گرفتاری کی پیش رفت رپورٹ دینے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ ایک اور کیس میں شیخ حسینہ، ان کی بہن شیخ ریحانہ اور خاندان کے دیگر چار افراد سمیت 23 افراد کے خلاف پلاٹ کی الاٹمنٹ میں بدعنوانی کے الزام میں چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔


گزشتہ ماہ ایک ٹربیونل نے شیخ حسینہ اور سابق پولیس سربراہ بے نظیر احمد سمیت پانچ افراد کے خلاف 2013 کے شاپلہ چتر کے مبینہ قتل عام کے سلسلے میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ جنوری میں بھی ایک خصوصی عدالت نے جبری گمشدگی کے مقدمات میں شیخ حسینہ اور دیگر 11 کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جن ٹربیونلز نے یہ کارروائی کی وہ خود شیخ حسینہ کی حکومت نے 1971 کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے بنائے تھے۔

سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ یہ تمام کارروائیاں محمد یونس کی قیادت میں قائم عبوری حکومت سیاسی انتقام کی بنا پر کر رہی ہیں۔ اگست 2024 میں حسینہ کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد، ان کے اور ان کے حامیوں کے خلاف کئی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔


شیخ حسینہ، جو ہندستان میں پناہ لے رہی ہیں، نے فروری میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یونس کی حکومت نے ملک کو دہشت گردی اور انارکی کے اڈے میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ وطن واپس آئیں گی اور تمام متاثرین کو انصاف فراہم کریں گی۔

شیخ حسینہ نے کہا تھا کہ "یونس نے خود اعتراف کیا ہے کہ انہیں حکومت چلانے کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ وہ تحقیقاتی کمیٹیاں ختم کر رہے ہیں اور دہشت گردوں کو فری ہینڈ دے رہے ہیں، لیکن ہم ان قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔" انہوں نے کہا کہ میں واپس آؤں گی اور بنگلہ دیش کی سرزمین پر انصاف ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔