امریکی نیوکلیئر لیب میں آتشزدگی کے سبب افرا تفری، ایمرجنسی کا اعلان!
افسران نے بتایا کہ متاثرہ عمارت کے باہر تابکار مادے کے پھیلنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں، مرکزی داخلی راستے بند کر دیے گئے اور باہری گاڑیوں کو روک دیا گیا ہے۔

امریکہ کی ریاست ساؤتھ کیرولائنا میں ایک بڑے نیوکلیئر مرکز کی لیب میں آگ لگنے کے سبب ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ آگ ایکن شہر کے قریب واقع سوانا ریور سائٹ (ایس آر ایس) کمپلیکس کی سوانا ریور نیشنل لیبارٹری میں لگی۔ افسران کے مطابق آگ 28 اکتوبر کی شام 5 بج کر 39 منٹ پر لگی۔ اس کے بعد ہنگامی کارروائی شروع کر دی گئی۔ تقریباً 2 گھنٹوں بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ افسران نے بتایا کہ متاثرہ عمارت کے باہر تابکار مادے کے پھیلنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں، مرکز کے داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں اور باہر سے آنے والی گاڑیوں کو روک دیا گیا ہے۔ لیب کے قریب ریل، ندی اور فضائی راستوں سے ہونے والی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس حادثے سے متاثرہ علاقوں میں موجود جن ملازمین کی ضرورت آگ پر قابو پانے یا مرکز کو بند کرنے کے کاموں میں نہیں ہے، انہیں اپنے اپنے مقامات پر ہی محفوظ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ نیوکلیئر مرکز کے آفیسر حالات سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کارروائی کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ریاستی اور مقامی انتظامیہ کی متعلقہ ایجنسیوں کو بھی حادثے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ مقامی افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ریڈیو اور ٹی وی کے ذریعہ موجودہ صورتحال کی خبر لیتے رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ کے نارتھ کیرولائنا میں طیارہ حادثہ، 7 افراد ہلاک
سوانا ریور سائٹ امریکہ کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے وابستہ ایک بڑا مرکز ہے۔ اس کی ویب سائٹ کے مطابق یہ 75 برسوں سے زیادہ عرصے سے امریکی فوج کے اسٹریٹجک سیکورٹی مشن میں مدد کر رہا ہے۔ امریکی محکمۂ توانائی کے مطابق اس مرکز میں جوہری مواد اور تابکار فضلے کو سنبھالنے کا کام کیا جاتا ہے۔ یہاں صفائی بھی کی جاتی ہے، تاکہ آس پاس کے ماحول کو محفوظ رکھا جا سکے۔ نیوکلیئر سینٹر کی ویب سائٹ کے مطابق ملازمین، عام لوگوں اور ماحول کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا اس کی ترجیح ہے۔ اس مرکز کی تعمیر 1950 کی دہائی میں ہوئی تھی۔ اس وقت یہاں 5 جوہری ریکٹر بنائے گئے تھے۔ ان کا استعمال جوہری ہتھیار بنانے میں کام آنے والے مواد، خصوصاً ٹریٹیم اور پلوٹونیم-239 تیار کرنے کے لیے کیا جاتا تھا۔ یہاں کیمیائی مادوں کو الگ کرنے والے 2 پلانٹ بھی بنائے گئے تھے۔ اس کے علاوہ کئی دیگر معاون یونٹس بھی قائم کی گئی تھیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
