آسٹریلیا کے ’ٹورسٹ ویزا‘ قوانین میں تبدیلی، ’نو فَردر اسٹے‘ کی شرط نافذ!

نئے قوانین آج سے جمع کرائی جانے والی ویزا درخواستوں پر نافذ ہوں گے۔ ان میں وزیٹر ویزا (سب کلاس 600)، الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی یعنی ای ٹی اے (سب کلاس 601) اور ای وزیٹر ویزا (سب کلاس 651) شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>آسٹریلیا، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

آسٹریلیا میں ہفتہ (28 نومبر) سے ٹورسٹ ویزا سمیت وزیٹر ویزا کی کئی اہم اقسام پر ’نو فَردر اسٹے‘ (مزید قیام کی اجازت نہیں) کی شرط نافذ کر دی جائے گی۔ اس کے بعد ویزا کی مدت ختم ہونے پر آسٹریلیا میں ہی رہتے ہوئے ویزا کی مدت بڑھوانا یا نیا ویزا حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس ضابطے کے تحت سیاح آسٹریلیا پہنچنے کے بعد ملک کے اندر رہتے ہوئے کسی دوسرے ویزا کے لیے درخواست نہیں دے سکیں گے۔ اس تبدیلی کا اثر وہاں گھومنے، اہل خانہ سے ملنے اور کاروباری مقاصد سے جانے والے مسافروں پر پڑ سکتا ہے۔

آسٹریلیا کے نئے قوانین ہفتہ (28 نومبر 2026) سے جمع کرائی جانے والی ویزا درخواستوں پر نافذ ہوں گے۔ ان میں وزیٹر ویزا (سب کلاس 600)، الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی یعنی ای ٹی اے (سب کلاس 601) اور ای وزیٹر ویزا (سب کلاس 651) شامل ہیں۔ اب ان تمام زمروں میں ویزا کی شرط 8503 لازمی ہوگی۔ اسے ’نو فَردر اسٹے‘ کہا جاتا ہے۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ ٹورسٹ ویزا پر آسٹریلیا پہنچنے والے شخص کو عام طور پر ملک میں رہتے ہوئے کسی دوسرے ویزا پر جانے یا اپنے قیام میں توسیع کے لیے نیا ویزا حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کوئی آسٹریلیا میں زیادہ وقت تک رہنا چاہتا ہے یا اپنے ویزا کی قسم تبدیل کرنا چاہتا ہے تو اسے ملک سے باہر جا کر متعلقہ ویزا کے لیے درخواست دینی ہوگی۔


نئے قوانین کا اطلاق ان درخواستوں پر ہوگا جو 28 نومبر یا اس کے بعد جمع کرائی جائیں گی۔ اس سے پہلے درخواست دینے والوں پر یہ تبدیلی ماضی سے نافذ نہیں ہوگی۔ جن لوگوں کے پاس پہلے سے آسٹریلیا کا وزیٹر ویزا ہے، انہیں اپنے ویزا گرانٹ لیٹر میں درج شرائط کی جانچ کرنی ہوگی۔ حالانکہ کچھ خاص حالات میں اس پابندی سے چھوٹ مانگی جا سکتی ہے۔ آسٹریلیا کا محکمہ داخلہ سنگین بیماری، خاندان میں ہنگامی صورتحال، قدرتی آفت یا ایسے حالات میں ویزا کی شرط ختم کرنے پر غور کر سکتا ہے جو درخواست گزار کے اختیار سے باہر ہوں۔ لیکن صرف چھوٹ کے لیے درخواست دینے سے ملک میں قیام کی مدت خود بخود نہیں بڑھ جاتی۔

آسٹریلیائی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس تبدیلی سے وزیٹر ویزا کی میعاد یا اس پر ملنے والی مجاز قیام کی مدت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ ای ٹی اے اور ای وزیٹر ویزا رکھنے والے اپنی اہلیت کے مطابق 12 ماہ کی مدت میں کئی بار آسٹریلیا آ جا سکیں گے اور عام طور پر ہر سفر میں 3 ماہ تک قیام کر سکیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کا مقصد ویزا نظام کے غلط استعمال کو روکنا اور ’ویزا ہاپنگ‘ پر قابو پانا ہے۔ اس طریقے میں کچھ لوگ ایک عارضی ویزا کی مدت ختم ہونے سے پہلے دوسرے ویزا کے لیے درخواست دے کر مسلسل ملک میں رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ ٹورسٹ ویزا کا استعمال صرف حقیقی اور عارضی دوروں کے لیے ہو۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔