اسلام 2035 تک عیسائی مذہب کو پیچھے چھوڑ کر بن سکتا ہے دنیا کا سب سے بڑا مذہب

دنیا میں عیسائی مذہب کو ماننے والوں کی تعداد سب سے زیادہ 200 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اسلام مذہب کو ماننے والے دوسرے مقام پر ہیں، جن کی آبادی تقریباً 200 کروڑ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>
i

پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق کے مطابق 2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا۔ موجودہ دور میں دنیا کی آبادی 800 کروڑ سے زیادہ ہے۔ اس میں عیسائی مذہب کو ماننے والوں کی تعداد سب سے زیادہ 200 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام کو ماننے والوں کی تعداد بھی تقریباً 200 کروڑ ہے، جسے آبادی کے لحاظ سے دوسرا مقام حاصل ہے۔ لیکن پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق 2035 تک اسلام دنیا کے سب سے بڑے مذہب عیسائیت کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اسلام اور عیسائیت دونوں مذاہب کے ماننے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے، لیکن اسلام کہیں زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ پیو ریسرچ کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ دیگر بڑے مذاہب کے مقابلے مسلمانوں کے یہاں بچوں کی پیدائش کی شرح زیادہ ہے۔ پیو کے سینئر ماہر کونراڈ ہیکیٹ نے بتایا کہ یہ بچوں کی تعداد کا معاملہ ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مسلم خواتین میں شرح پیدائش اوسطاً 3.1 بچے فی خاتون ہے۔ جبکہ دوسرے نمبر پر عیسائی خواتین ہیں، جن میں یہ شرح 2.5 بچے فی خاتون ہے۔


2020 میں دنیا بھر میں 2.27 ارب عیسائی اور 2.02 ارب مسلمان تھے۔ حالانکہ 2035 تک مسلمانوں کی تعداد بڑھ کر 2.57 ارب اور عیسائیوں کی تعداد 2.52 ارب ہو جائے گی۔ اگر آبادی میں اضافے کا موجودہ رجحان برقرار رہا تو 2070 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 3.6 ارب سے تجاوز کر جائے گی، جبکہ عیسائیوں کی تعداد 3 ارب سے کچھ کم رہے گی۔ پیو تحقیق کے مطابق 2020 سے 2070 کے درمیان دنیا کی آبادی میں 29 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ اس دوران عیسائیوں کی تعداد میں 30 فیصد اور مسلمانوں کی تعداد میں 80 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہندوؤں اور یہودیوں کی مجموعی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن عالمی آبادی میں ان کے تناسب میں کمی آنے کا امکان ہے۔ پیو کا یہ بھی اندازہ ہے کہ بدھ مت کو ماننے والوں کی تعداد اور عالمی آبادی میں بھی کمی آئے گی۔ اس کی ایک وجہ چین، جنوبی کوریا اور جاپان کی مجموعی آبادی میں ممکنہ کمی ہے۔ پیو ریسرچ کے مطابق 2020 سے 2070 کے درمیان دنیا کی مسلم آبادی میں زیادہ تر اضافہ انہی علاقوں میں ہوگا، جہاں مسلمان پہلے ہی اکثریت میں ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔