کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام ثابت ہونے پرپوتن کے خلاف ہو سکتی ہے کارروائی

بائیڈن نے روسی افواج کی جانب سے’ننگی جارحیت‘ کے مظاہرے اور یوکرین کی شہری آبادی کو ''تہس نہس کرنے پر'' روسی صدر پوتن کی شدید مذمت کی۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

روس پر الزام لگ رہا ہے کہ اس نے یوکرین کے خلاف کیمیائی یا بیالوجیکل ہتھیار استعمال کیے ہیں۔امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اگر یہ الزام ثابت ہوگئے توروسی صدر ولادمیر پوتن کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ یہ الزامات بھی سامنے آرہے ہیں کہ روس نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ممنوعہ ہتھیار استعمال کیے ہیں، جس کی چھان بین ہو گی۔انھوں نے یہ بات برسلز میں ایک اخباری کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہی ہے۔


جو بائیڈن نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن’’ نیٹو میں دراڑیں پڑنے کے منتظر تھے، لیکن یہ بین البراعظمی دفاعی ادارہ نہ صرف قائم ہے بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ متحد ، مؤثر اور کارگرہے‘‘۔

صدر بائیڈن نے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے واضح طور پر کہا کہ امریکہ یوکرین کی لڑائی میں کسی طور پر شریک نہیں ہوگا۔انہوں نے یہ بات برسلز میں نیٹو، جی سیون اور یوروپی یونین کے اجلاسوں میں شرکت کے بعد ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کے بعد صدر نے اخباری نمائندوں کے سوالات کے جواب بھی دیے۔ یہ ہنگامی اجلاس یوکرین پر روس کے بلاجواز حملے کے تناظر میں منعقد کیے گئے تھے، جن میں یوکرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور روس کی کھلم کھلا جارحیت پر اس کی مذمت کی گئی۔


امریکی صدر نے بتایا کہ جمعہ کو وہ پولینڈ کا دورہ کریں گے جہاں وہ یوکرین کی جنگ میں بے دخل ہونے والے مہاجرین سے ملیں گے، اور انہیں دلاسا دیں گے۔ انھوں نے روسی افواج کی جانب سے’ننگی جارحیت‘ کے مظاہرے اور یوکرین کی شہری آبادی کو ''تہس نہس کرنے پر'' روسی صدر پوتن کی شدید مذمت کی۔

صدربائیدن نے کہا کہ یوکرین کی فوج دلیری کے ساتھ اپنے وطن کا دفاع کر رہی ہے، جسے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔


اس سے قبل اپنے بیان میں صدر بائیڈن نے کہا کہ یوکرین کو جدید اسلحہ فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے یوکرین کے لیے مزید ایک ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ ایک لاکھ یوکرینی مہاجرین کو امریکہ میں بسایا جائے گا، جب کہ یوروپ میں پناہ لینے والے یوکرینی مہاجرین کے لیے 320 ملین ڈالر کی امداد دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔