بلجیم: اینٹورپ واقع 10 منزلہ رہائشی عمارت میں لگی خوفناک آگ، کئی لوگوں کی موت

پولیس کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق متاثرہ 10 منزلہ عمارت میں تقریباً 200 لوگ رہتے ہیں۔ فی الحال آگ لگنے کے اسباب کا پتہ نہیں چل پایا ہے اور نہ ہی متاثرین کی تعداد کا انکشاف کیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اینٹورپ کی ایک عمارت میں لگی آگ کا منظر، ویڈیو گریب</p></div>
i

شمالی بلجیم کے انٹورپ شہر میں بدھ کے روز ایک 10 منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آگ لگنے سے کئی لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ مقامی پولیس نے اس حادثہ کی تصدیق کی ہے، حالانکہ مہلوکین اور زخمیوں کے بارے میں کچھ بھی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ انٹورپ فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی خبر ملتے ہی بڑے پیمانے پر ایمرجنسی اقدام اٹھائے گئے۔ فائر بریگیڈ عملہ کو فوراً جائے وقوع پر بھیجا گیا جہاں انھوں نے بچاؤ اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا۔

پولیس کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق 10 منزلہ اس عمارت میں تقریباً 200 لوگ رہائش پذیر ہیں۔ فی الحال آگ لگنے کے اسباب کا پتہ نہیں چل پایا ہے، اور نہ ہی متاثرین کی تعداد کا انکشاف کیا گیا ہے۔ بچاؤ اور راحت رسانی کی مہم اب بھی جاری ہے۔ اعلیٰ افسران نے معاملے کی جانچ بھی شروع کر دی ہے۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد مقامی لوگوں میں افرا تفری مچ گئی اور چیخ و پکار کا عالم بھی دیکھنے کو ملا۔


افسران کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9.53 بجے (ہندوستانی وقت 1.23 بجے دوپہر) فائر بریگیڈ کو اینٹورپ کے لنکیروئیور علاقہ میں موجود ایک رہائشی عمارت کی آٹھویں منزل پر شدید آگ لگنے کی خبر ملی۔ اس کے بعد شہر کے الگ الگ علاقوں سے کئی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بہ حفاظت باہر نکالنے کی مہم شروع کی۔

پولیس کے مطابق 200 سے زیادہ لوگوں کی رہائش والی اس عمارت کو پوری طرح خالی کرا لیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ اہلکار کافی دیر تک آگ پر قابو پانے میں مصروف رہے۔ افسران نے یہ بھی بتایا کہ حادثہ میں کئی لوگوں کی موت ہوئی ہے اور کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے آس پاس رہنے والے لوگوں کے لیے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے دھوئیں کے سبب گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’دھوئیں سے متاثر مقامی باشندے اپنی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں اور ضرورت پڑنے پر ونٹلیشن سسٹم بھی بند کر دیں۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔