’معافی مانگو یا تباہی کے لیے تیار رہو‘، اے آئی ویڈیو جاری کر ایران نے امیزون، مائیکروسافٹ اور اسپیس ایکس کو کیا متنبہ

ویڈیو میں انگریزی بولنے والا ایک شخص کہتا ہے کہ ’’ہم اپنے بچوں کے قاتلوں کو یوں ہی نہیں چھوڑیں گے۔‘‘ اس کے بعد امریکی شہریوں کو نقصان نہ پہنچانے کی بات کہتے ہوئے ٹیک کمپنیوں کو خبردار کیا جاتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس سوشل میڈیا</p></div>
i

ایران کے سرکاری میڈیا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ ایک ویڈیو جاری کیا ہے، جس میں امیزون، مائیکروسافٹ اور ایلن مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے ہیڈکوارٹرس پر ڈرون حملے دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو میں عمارتوں پر حملے، دھماکے اور آگ کے شعلے نظر آتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کمپنیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں مبینہ حمایت کرنے پر انہیں جواب دینا ہوگا۔

’نیویارک پوسٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران کی ’مہر‘ نیوز ایجنسی نے جمعرات کو یہ ویڈیو اپنے ٹیلی گرام چینل پر پوسٹ کی۔ ویڈیو میں انگریزی بولنے والا ایک شخص کہتا ہے کہ ’’ہم اپنے بچوں کے قاتلوں کو یوں ہی نہیں چھوڑیں گے۔‘‘ اس کے بعد امریکی شہریوں کو نقصان نہ پہنچانے کی بات کہتے ہوئے ان کمپنیوں کو خبردار کیا جاتا ہے۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم امریکی عوام کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ اسے ایک انتباہ سمجھیں۔‘‘ آخر میں امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جاتا ہے ’’معافی یا تباہی؟ فیصلہ تمہارا ہے، امریکہ۔‘‘


’ٹیلی گرام‘ پر ویڈیو کے ساتھ کی گئی پوسٹ میں ان کمپنیوں پر امریکہ اور اسرائیل کے فوجی دستوں کے ساتھ خفیہ طور پر تعاون کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران پر حملوں میں شامل کمپنیوں کو معاوضہ ادا کرنا چاہیے اور اپنے اقدامات کے لیے معافی مانگنی چاہیے، ورنہ انہیں بھی اسی طرح کی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ویڈیو میں پینٹاگن کی ایک پریس ریلیز کی تصویر بھی دکھائی گئی ہے۔ اس میں امیزون ویب سروسز، اسپیس ایکس اور مائیکروسافٹ سمیت ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے متعلق شراکت داری کا ذکر ہے۔

ایرانی میڈیا کی اس پوسٹ میں 28 فروری کو جنوبی ایران کے میناب میں واقع شجرہ طیبہ پرائمری اسکول پر ہوئے حملے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق حملے کے وقت اسکول میں کلاسز چل رہی تھیں اور اس حملے میں کم از کم 165 طالبات کی موت ہوئی تھی۔ ایران نے اس واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں پر تنقید کی ہے۔


یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب ایران کے خلاف امریکی فوجی مہم کی مدت کو لے کر غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔ نیویارک پوسٹ کو 24 نومبر کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ فوجی مہم کے لیے موجودہ فنڈنگ جنوری 2027 کے آخر تک جاری رہ سکتی ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت آیا جب جنوری میں امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹک پارٹی کو اکثریت ملنے والی ہے۔ ٹرمپ نے اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ ڈیموکریٹس فوجی مہم کو روکنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام اور قیادت کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امریکہ جب چاہے جنگ ختم کر سکتا ہے۔