نیپال میں پھر آیا زلزلہ، اس مرتبہ ریکٹر اسکیل پر شدت 4.9
ہفتہ کے روز آئے اس زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.9 رہی، نیشنل سنٹر آف سسمولوجی نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اس کی جانکاری دی۔

ابھی چند ہی روز گزرے ہیں جب نیپال میں آئے زلزلہ نے ہندوستان میں بھی کچھ ریاستوں کی زمینیں ہلا کر رکھ دی تھیں۔ آج ایک بار پھر نیپال میں زلزلہ آنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ہفتہ کو آئے تازہ زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.9 پیمائش کی گئی ہے۔ نیشنل سنٹر آف سسمولوجی (این سی ایس) نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اس سلسلے میں جانکاری شیئر کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر کو دوپہر تقریباً 11.30 بجے یہ زلزلہ آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ زلزلہ کا سنٹر 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ فی الحال اس زلزلہ سے کسی طرح کے جانی یا مالی نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ نیپال میں آئے اس زلزلہ کا اثر ہندوستان میں دیکھنے کو نہیں ملا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نیپال میں گزشتہ منگل (3 اکتوبر) کے روز بھی زلزلہ آیا تھا۔ نیشنل سنٹر فار سسمولوجی نے اس دن دو بار زلزلہ آنے کی جانکاری دی تھی۔ ریکٹر اسکیل پر ایک کی شدت 6.2 تھی اور دوسرے کی 4.6۔ اس دوران شمالی ہند کے بڑے حصے میں بھی زلزلہ کو لوگوں نے محسوس کیا تھا۔ نصف گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر دو جھٹکوں سے لوگ خوفزدہ ہو گئے تھے اور کئی مقامات پر لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر بھی نکل گئے تھے۔ پہلا زلزلہ دوپہر تقریباً 2.26 بجے آیا تھا اور دوسرا دوپہر 2.51 بجے۔ اس زلزلہ کا نیپال میں کئی عمارتوں پر اثر بھی دیکھنے کو ملا تھا، حالانکہ کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
