تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے درمیان ایک اور بری خبر، بحرین کی سب سے بڑی ریفائنری ’باپکو‘ پر حملہ
’بلومبرگ‘ کے مطابق 90 سال پرانی یہ آئل ریفائنری ملک کی واحد ریفائنری ہے۔ اس کی پروسیسنگ گنجائش روزانہ 4 لاکھ بیرل ہے۔ آئل ریفائننگ کے لیے اسے خلیج کا ایک اہم مرکز مانا جاتا ہے۔
ایران اور اسرائیل-امریکہ کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے ایک طرف تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، وہیں دوسری جانب بحرین کی سب سے بڑی ریفائنری ’باپکو‘ پر حملہ ہو گیا ہے۔ حملے کی وجہ سے ’باپکو‘ نے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ ریفائنری پر حملے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں کالے دھوئیں کے غبار نظر آ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اسی ریفائنری پر 4 روز قبل بھی حملہ کیا گیا تھا، حالانکہ اس وقت زیادہ نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
واضح رہے کہ بحرین عرب میں امریکہ کا ایک اہم اتحادی ہے۔ ایسے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی ریفائنری پر ایران نے ہی حملہ کیا ہوگا۔ حالانکہ نہ تو بحرین اور نہ ہی ایران نے آفیشل طور پر اس کے متعلق کوئی بیان دیا ہے۔ ’بلومبرگ‘ کے مطابق 90 سال پرانی یہ آئل ریفائنری ملک کی واحد ریفائنری ہے۔ اس کی پروسیسنگ گنجائش روزانہ 4 لاکھ بیرل ہے۔ آئل ریفائننگ کے لیے اسے خلیج کا ایک اہم مرکز مانا جاتا ہے، جہاں مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک کا تیل ریفائن کیا جاتا ہے۔ ان میں کویت اور سعودی عرب سرفہرست ہیں۔
ایسے میں اگر ایرانی حملے کی وجہ سے تیل کی ریفائنری بند ہوتی ہے تو اس کا براہ راست اثر تیل کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔ ایران نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آنے والے وقت میں ایک بیرل خام تیل کی قیمت 200 ڈالر سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ فی الحال اس کی قیمت 110 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
ایران اور اسرائیل-امریکہ جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ اس کو کم کرنے کے لیے پیر (9 مارچ) کو جی-7 ممالک کے وزرائے خارجہ ایک میٹنگ کریں گے۔ ’فنانشل ٹائمز‘ کے مطابق جی-7 یہ دیکھے گا کہ کس طرح ’ریزرو آئل‘ کے ذریعہ اس کی قیمتوں کو کم کیا جا سکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد ہی اس میں کمی آ سکتی ہے۔ امریکہ اس کی کوشش میں مصروف ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کا آج 10واں دن ہے۔ اس سے قبل اتوار کو اسرائیل اور ایران دونوں جانب سے حملے کیے گئے۔ ایرانی شہر اصفہان کے ایئرپورٹ پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا، جس کے بارے میں اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس حملے میں ایران کا ایف-16 طیارہ تباہ ہو گیا ہے۔ راجدھانی تہران میں بھی آج ایک بڑا حملہ ہوا ہے، جس میں 20 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ اب تک امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ایران میں 1332 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ اس دوران بڑی خبر یہ ہے کہ امریکہ ایران کے جوہری ذخائر پر قبضے کے منصوبے پر غور کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔