آج صبح افغانستان میں آیا زلزلہ، ریکٹر اسکیل پر شدت 3.8 درج

نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کی گہرائی 117 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ 28 نومبر 2026 کو صبح 6 بج کر 25 منٹ (آئی ایس ٹی) پر ریکارڈ کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
i

افغانستان میں ہفتے کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی وجہ سے کسی بھی جانی و مالی نقصانات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کی گہرائی 117 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ 28 نومبر 2026 کو صبح 6 بج کر 25 منٹ (آئی ایس ٹی) پر ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کا مرکز 34.522 شمالی عرض البلد اور 70.636 مشرقی طول البلد پر واقع تھا۔ افغانستان میں گزشتہ چند برسوں کے دوران کئی شدید زلزلے آچکے ہیں۔ ہندوکش کے علاقے میں مسلسل زلزلہ خیز سرگرمیاں ریکارڈ کی جاتی رہی ہیں۔ حال ہی میں ہندوکش کے پہاڑی علاقے میں 25 اکتوبر کی رات 5.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اس کا مرکز زمین سے تقریباً 110 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

یورپین میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر (ای ایم ایس سی) نے ابتدائی جائزے میں زلزلے کی شدت 5.8 بتائی تھی، جسے بعد میں تبدیل کرکے 5.2 کردیا گیا۔ وہیں مارچ 2026 میں بھی اسی علاقے میں 5.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ 2025 میں بھی ہندوکش کے علاقے میں کئی مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ حالیہ برسوں کی بڑی تباہ کاریوں میں اگست 2025 میں افغانستان کے مشرقی علاقے میں آنے والا زلزلہ بھی شامل ہے۔ 31 اگست کو 6.0 شدت کے زلزلے نے کنڑ اور ننگرہار صوبوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔ اس آفت میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں لوگ زخمی ہوئے تھے۔ کئی دیہات میں مکانات منہدم ہوگئے تھے۔ پہاڑی علاقوں میں سڑک رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے راحت رسانی کی کارروائیاں بھی متاثر ہوئی تھیں۔


اکتوبر 2023 میں مغربی افغانستان کے ہرات صوبے میں کئی شدید زلزلے آئے تھے۔ 7 اکتوبر کو 6.3 شدت کے زلزلے کے بعد 11 اور 15 اکتوبر کو بھی زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کیے گئے تھے۔ ان واقعات میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے تھے اور بڑی تعداد میں مکانات تباہ ہوگئے تھے۔ اکتوبر 2015 میں ہندوکش کے علاقے میں 7.5 شدت کا ایک طاقتور زلزلہ آیا تھا، جس کے جھٹکے پاکستان اور ہندوستان کے کئی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔

بار بار آنے والے زلزلوں کی ایک بڑی وجہ افغانستان کا جغرافیائی محل وقوع ہے۔ یہ علاقہ ہندوستانی اور یوریشیائی ٹیکٹونک پلیٹوں کے درمیان ایک فعال ارضیاتی خطے میں واقع ہے۔ ان پلیٹوں کی حرکت سے زمین کے اندر توانائی جمع ہوتی ہے، جو زلزلے کی صورت میں خارج ہوتی ہے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر ناپی جاتی ہے۔ عام طور پر 7.0 یا اس سے زیادہ شدت کے زلزلے کو تباہ کن تصور کیا جاتا ہے، جبکہ 4.5 یا اس سے زیادہ شدت کا زلزلہ عمارتوں اور مکانات کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔