شدید ’ہیٹ ویو‘ سے امریکہ بے حال، 250ویں یوم آزادی کے کئی پروگرام منسوخ

شدید گرمی کے باعث ورجینیا کے لیسبرگ اور میری لینڈ کے لاریل اور ٹکوما پارک میں ہونے والی یوم آزادی کی پریڈ منسوخ کر دی گئی۔ تاہم ہر سال ہونے والا ’کیپٹل فورتھ کنسرٹ‘ طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

امریکہ اس وقت شدید گرمی کی زد میں ہے۔ ’ایسٹ کوسٹ‘ کی کئی ریاستوں میں جاری خطرناک ہیٹ ویو کی وجہ سے 250ویں یوم آزادی (4 جولائی) کے کئی پروگرام متاثر ہو گئے ہیں۔ شدید گرمی کے باعث کئی جگہوں پر پریڈ منسوخ کرنی پڑی ہے، کچھ پروگراموں کا وقت بدل دیا گیا ہے اور لوگوں کو گھروں سے کم نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات (این ڈبلیو ایس) کے مطابق جمعہ کو راجدھانی واشنگٹن ڈی سی میں ہیٹ انڈیکس یعنی جسم کو محسوس ہونے والا درجہ حرارت تقریباً 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی وجہ سے نیشنل مال میں لگنے والا ’گریٹ امریکن اسٹیٹ فیئر‘ جمعہ کی دوپہر کچھ گھنٹوں کے لیے بند کر دیا گیا۔ منتظمین نے کہا کہ عام لوگوں، فنکاروں، ملازمین اور والینٹیئرز کی سیکورٹی سب سے اہم ہے۔


گرمی کی وجہ سے ورجینیا کے لیسبرگ اور میری لینڈ کے لاریل اور ٹکوما پارک میں ہونے والی یوم آزادی کی پریڈ بھی منسوخ کر دی گئی۔ حالانکہ ہر سال ہونے والا ’کیپٹل فورتھ کنسرٹ‘ طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوگا۔ لیکن گرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کے داخلے کا وقت بدل دیا گیا ہے۔ اب گیٹ شام 7:00 بجے کھلیں گے اور پروگرام رات 8:00 بجے شروع ہوگا۔ پولیس نے لوگوں سے کافی مقدار میں پانی ساتھ لانے، جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دینے اور گرمی سے بچاؤ کی اپیل کی ہے۔ اس پروگرام میں پیٹی لا بیلے، ایلن جیکسن، شکاگو، کول اینڈ دی گینگ، نیشنل سمفنی آرکسٹرا، یو ایس آرمی بینڈ، کورل آرٹس سوسائٹی آف واشنگٹن اور جوائنٹ آرمڈ فورسز کورس پرفارم کریں گے۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ ساؤتھ ڈکوٹا کے ماؤنٹ رشمور میں خطاب کریں گے اور آتش بازی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد ہفتے کی شام وہ واشنگٹن کے نیشنل مال میں بھی تقریر کریں گے، جہاں بڑے پیمانے پر آتش بازی کی جائے گی۔ بوسٹن، نارسٹاؤن (پنسلوانیا) اور گیٹسبورگ نیشنل ملٹری پارک میں بھی پروگراموں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ دوسری جانب ایمٹریک نے شمال مشرقی امریکہ کی کچھ ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں، کیونکہ شدید گرمی سے ریلوے ٹریکس متاثر ہو سکتے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ نیویارک سٹی میں جمعرات کو ہیٹ انڈیکس قریب 41 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد میئر ظہران ممدانی نے لوگوں سے بجلی بچانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے اے سی کا درجہ حرارت 25.5 ڈگری سیلسیس پر رکھیں، غیر ضروری لائٹ اور الیکٹرانک آلات بند رکھیں۔ حالانکہ اس مشورے پر ریپبلکن لیڈران نے ان کو ہدف تنقید بنایا۔ فلوریڈا کے سینیٹر رک اسٹاک نے اسے کمیونزم قرار دیا، جبکہ سینیٹر لنڈسے گراہم نے طنز کستے ہوئے کہا کہ سوشلسٹ ڈیموکریٹس اب لوگوں کے اے سی تک پہنچ گئے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔