’خامنہ ای کا جنازہ گزرنے سے پہلے مشہد جانے والے 2 پُلوں کو امریکہ نے اڑا دیا‘، آئی آر جی سی کا دعویٰ

ایران کے اسلامک ریوولیوشنری گارڈ کارپس (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے مشہد جانے والے 2 اہم پُلوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا جو کہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے۔ آبنائے ہرمز میں 3 کامرشیل جہازوں پر ہوئے حملوں کے بعد امریکہ نے لگاتار دوسری رات ایران کے خلاف بڑے پیمانہ پر ہوائی حملے کیے۔ اس درمیان ایک بڑی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ امریکہ نے ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات سے متعلق تقریب کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔

ایران کے اسلامک ریوولیوشنری گارڈ کارپس (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے اپنے تازہ حملوں میں ایران کے مشرقی حصے میں مشہد جانے والے 2 اہم پُلوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ آئی آر جی سی کا الزام ہے کہ یہ حملہ مرحوم سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔ حالانکہ ان کی آخری رسومات کا عمل جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ان کے آبائی شہر مشہد میں سپرد خاک کیا جا رہا ہے۔


امریکہ کے تازہ حملوں پر آئی آر جی سی نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ’’امریکہ کی یہ جارحانہ کارروائی بغیر جواب کے نہیں چھوڑی جائے گی۔‘‘ اس نے دعویٰ کیا کہ جوابی کارروائی کے پہلے مرحلہ میں اس کی بحری اور فضائی افواج نے کویت و بحرین میں موجود امریکی فوجی ٹھکانوں پر مشترکہ  میزائل و ڈرون حملہ کیا۔ اس نے کہا کہ یہ سزا دینے والی جوابی کارروائی کا پہلا مرحلہ ہے۔ آئی آر جی سی کا الزام ہے کہ امریکہ نے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی کی اور ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں کے ساتھ مشرقی ایران کے 2 پلوں پر حملہ کیا۔ اس کے بعد بحریہ اور ایئرواسپیس فورس نے مل کر یہ آپریشن شروع کیا۔

اس سے قبل امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکہ کے تازہ حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی شپنگ کی حفاظت یقینی بنانا ہے اور ایران کی فوجی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ کے تازہ حملہ کو ’جہازوں پر ہوئے حملوں کا بدلہ‘ بتایا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔