اے آئی ٹولز کے باعث سائبر حملوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے: ایف بی آئی
ایف بی آئی کے مطابق سائبر مجرم دنیا بھر کی تنظیموں پر حملوں میں تیزی لانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی سیکورٹی ٹیسٹنگ ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں۔

کیا سائبر مجرم دنیا میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کر رہے ہیں؟ کیا چند گھنٹوں کے اندر ہی دہشت پھیلائی جا سکتی ہے؟ ایسے ہی کچھ سوالات کے پیش نظر ’فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن‘ (ایف بی آئی) نے انتباہ جاری کیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق سائبر مجرم دنیا بھر کی تنظیموں پر حملوں میں تیزی لانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی سیکورٹی ٹیسٹنگ ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان میں سے بعض حملوں میں وہ 3 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ’پریولیجڈ ایکسیس‘ (خصوصی رسائی) حاصل کر لیتے ہیں۔
ایف بی آئی نے جمعہ کے روز (مقامی وقت) بتایا کہ حملہ آوروں نے اگست سے ’اے آر ٹی ای ایکس‘ نامی اوپن سورس فریم ورک کا استعمال کیا ہے۔ اس کے ذریعے انہوں نے مالیات، حکومت، ٹیکنالوجی، دفاع، توانائی اور صحت کی دیکھ بھال جیسے مختلف شعبوں سے وابستہ تنظیموں کو نشانہ بنایا ہے۔ ایف بی آئی کے مطابق یہ ٹول سائبر حملے کے کئی مراحل کو خودکار بنا سکتا ہے۔ اس میں ممکنہ اہداف کی شناخت سے لے کر ڈاٹا چوری کی تیاری اور اسے انجام دینے تک کے مراحل شامل ہیں۔ اس کی وجہ سے سائبر حملوں سے بچاؤ کرنے والوں کے پاس حملے کا پتہ لگانے اور اس کا جواب دینے کے لیے بہت کم وقت رہ جاتا ہے۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض معاملات میں ابتدائی ہدف کے تعین سے لے کر سسٹم تک خصوصی رسائی (پریولیجڈ ایکسیس) حاصل کرنے تک کا پورا عمل 3 گھنٹے سے بھی کم وقت میں مکمل ہو گیا۔
الرٹ کے مطابق اس فریم ورک کو بنیادی طور پر مجاز سیکورٹی ٹیسٹنگ (آتھرائزڈ سیکورٹی ٹیسٹنگ) کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ ایف بی آئی نے بتایا کہ اس کے غلط استعمال کی خبریں سامنے آنے کے بعد اکتوبر میں اس کے ڈیولپر نے اصل آن لائن ریپوزٹری کو ہٹا دیا تھا، لیکن اس کے دیگر ورژن اور نقول اب بھی دستیاب ہیں۔ بیورو کے مطابق یہ ٹول پیچیدہ کارروائیوں کو انجام دینے میں درپیش تکنیکی رکاوٹوں کو کم کر سکتا ہے، جس سے حملہ آور بیک وقت کئی اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ الرٹ میں جن شعبوں کے حوالے سے تشویش ظاہر کی گئی ہے، ان میں اداروں کی انٹرنیٹ سے منسلک ایپلی کیشنز، کلاؤڈ انفراسٹرکچر اور سپلائرز یا شراکت داروں سے منسلک نظام شامل ہیں۔
ایف بی آئی نے جنوبی کوریا کے مالیاتی اداروں پر ایسے سائبر حملوں کی مثال دی، جن کا مقصد مالی فائدہ حاصل کرنا تھا۔ ان حملوں کے نتیجے میں تقریباً 67000 افراد کی ذاتی معلومات چوری ہو گئیں۔ اس کے علاوہ ایک سپلائی چین کمپرو مائز کا بھی ذکر کیا گیا، جس سے کلاؤڈ بیک اَپ سروس استعمال کرنے والے صارفین متاثر ہوئے۔ اس کے نتیجے میں حملہ آوروں کو 2250 سے زائد صارفین کے سسٹم تک رسائی حاصل ہو گئی۔ بیورو نے اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر اپنی موجودگی اور اس سے وابستہ خطرات کا جائزہ لیں، شناخت کی تصدیق اور رسائی کے کنٹرول کو مضبوط بنائیں، کسی بھی غیر معمولی سرگرمی پر نظر رکھیں اور اپنے لاگ ان کی تفصیلات کو محفوظ رکھیں۔ ساتھ ہی جن تنظیموں کو کوئی مشکوک سرگرمی نظر آتی ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ایف بی آئی سے رابطہ کریں یا انٹرنیٹ کرائم کمپلینٹ سینٹر کے ذریعے اس کی اطلاع دیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
