افغانستان: اسکول کے قریب دھماکے میں 10 افراد جاں بحق، 110 زخمی، یونیسف کا اظہار تشویش
یونیسف نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’افغانستان کے صوبہ کنڑ میں ایک اسکول کے قریب دھماکے کی خبروں سے یونیسف کو بے حد تکلیف ہوئی ہے۔ اس واقعے میں کئی بچوں کی جان گئی ہے اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔‘‘
افغانستان کے صوبہ کنڑ میں ایک اسکول کے قریب ہوئے زبردست دھماکے میں 10 افراد کی ہلاکت اور 110 دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ اسکول ہر بچے کے لیے محفوظ مقام ہونے چاہئیں اور وہاں کسی بھی بچے کی جان خطرے میں نہیں پڑنی چاہیے۔ یونیسف نے زخمیوں، ہلاک ہونے والوں کے غمزدہ اہل خانہ اور اپنے عزیزوں کی خبر ملنے کا انتظار کر رہے لوگوں کے تتئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
یونیسف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’’افغانستان کے صوبہ کنڑ میں ایک اسکول کے قریب دھماکے کی خبروں سے یونیسف کو بے حد تکلیف ہوئی ہے۔ اس واقعے میں کئی بچوں کی جان گئی ہے اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ہماری ہمدردیاں زخمی بچوں، غمزدہ خاندانوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو اپنے عزیزوں کی خبر ملنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔‘‘ تنظیم نے مزید کہا کہ یونیسف اور اس کے شراکت دار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ وہ زخمیوں کو زندگی بچانے والی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں اور متاثرہ بچوں اور ان کے اہل خانہ کی دیگر ضروریات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یونیسف نے ایک بار پھر کہا کہ اسکول ہر بچے کے لیے محفوظ مقام ہونے چاہئیں۔
واضح رہے کہ یونیسیف کا یہ بیان صوبہ کنڑ کی راجدھانی اسدآباد کے مضافات میں واقع اندر سیر علاقے میں ہوئے دھماکے کے بعد سامنے آیا ہے۔ افغانستان کی خبر رساں ایجنسی ’خامہ پریس‘ کے مطابق طالبان کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ ہفتے کے روز ہوئے اس دھماکے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 110 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔ دھماکے کے سبب اسکول کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، جس کے ملبے میں اساتذہ اور طلبہ پھنس گئے۔ جائے وقوعہ سے سامنے آئی تصاویر اور ویڈیوز میں تباہ شدہ کلاس رومز، بکھرے ہوئے اسکول بیگ اور اسپتالوں میں زیر علاج زخمی بچوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ زخمیوں کو علاج کے لیے ننگرہار کے اسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا۔
قابل ذکرہے کہ افسران نے دھماکے کی وجہ اسکول کے قریب کان کنی کی کمپنیوں کے ایک ڈپو میں دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ بتایا ہے۔ طالبان کے نائب ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکہ خیز مواد کی دیکھ بھال اور ذخیرہ کرنے کے دوران مناسب احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئی تھیں، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
