بولیویا کے فوجی اڈے پر زوردار دھماکہ، حادثے میں 10 افراد کی موت، 60 سے زائد زخمی، درجنوں گھروں کے شیشے ٹوٹے
بولیویا کے وزیر دفاع ارنیسٹو جسٹینیانو نے بتایا کہ زخمیوں میں بیشتر عام شہری اور باقی فوجی اہلکار ہیں۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں زخمیوں کا علاج کرنے کے ساتھ ساتھ اہل خانہ کی امداد بھی کر رہی ہیں۔
بولیویا میں 4 ستمبر کو ایک فوجی اڈے پر زوردار دھماکہ ہوا۔ اس حادثے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 60 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس حادثے کے بعد ہر طرف افراتفری کا ماحول تھا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ اطلاع کے مطابق جنوبی امریکی ملک بولیویا کے مغربی شہر ویاچا میں ایک فوجی اڈے پر دھماکہ ہوا۔ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2:30 بجے ہوا۔ یہ مقام راجدھانی لا پاز سے تقریباً 30 کلومیٹر دور ہے۔ حکام کے مطابق دھماکہ اس علاقے میں ہوا، جہاں آتش بازی اور اس سے متعلقہ سامان رکھے گئے تھے۔
بولیویا کے وزیر دفاع ارنیسٹو جسٹینیانو نے بتایا کہ زخمیوں میں بیشتر عام شہری ہیں، باقی فوجی اہلکار ہیں۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں زخمیوں کا علاج کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کی امداد بھی کر رہی ہیں۔ حالانکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ دھماکہ کس وجہ سے شروع ہوا۔ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ہیلتھ ڈائریکٹر ریٹا نیبراسکا نے بتایا کہ حادثے میں تقریباً 62 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 14 زخمیوں کو علاج کے لیے لا پاز کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایک بچی بھی شامل ہے، جو تقریباً 90 فیصد جھلس گئی ہے۔ موقع پر ایمبولینس، طبی ٹیم اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
حکومت اور فوج نے دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تقریباً ایک لاکھ کی آبادی والا ویاچا شہر بولیویا انتظامی راجدھانی لا پاز سے 19 میل جنوب مغرب میں واقع ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکے کی وجہ سے آس پاس کے علاقوں میں درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کی شدت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کئی گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھوئیں کا گہرا بادل کافی بلندی تک پھیل گیا۔ دھماکے کے بعد راحت رسانی کی ٹیمیں فوری طور پر فوجی کمپلیکس پہنچ گئیں۔ ایمبولینس، طبی ٹیم اور پولیس اہلکاروں کو موقع پر تعینات کیا گیا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ حکام نے مقامی لوگوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی وارننگ بھی دی ہے۔ ہیلتھ ڈائریکٹر نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے کمپلیکس میں حرارت کے ایک منبع کا پتہ لگایا ہے، جس سے ایک اور دھماکہ ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو اس علاقے سے کم از کم 150 میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
