لبنان پر اسرائیل کی تازہ بمباری میں 27 افراد جاں بحق، مارچ سے اب تک 4381 لوگ ہوئے ہلاک، 12.4 ہزار زخمی
آپریشنز سنٹر کی جانب سے پیر کے روز جاری ابتدائی ڈاٹا کے مطابق گزشتہ 3 دنوں میں جنوبی لبنان پر ہوئے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 27 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 69 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے ایک بار پھر جنوبی لبنان پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ لبنان کے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کی جانب سے پیر کو جاری ابتدائی ڈاٹا کے مطابق گزشتہ 3 دنوں میں جنوبی لبنان پر ہوئے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 69 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں بچے، خواتین اور طبی عملہ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
سنٹر نے پیر کی شام بتایا کہ 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4,381 ہو گئی ہے اور 12,402 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی جانکاری دی گئی کہ 8 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8,948 ہو گئی ہے اور 30,638 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسرائیلی حملے لبنانی باشندوں پر کس قدر موت کا پروانہ ثابت ہو رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اتوار کی صبح ہی اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے جنوبی لبنان میں معاہدوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی میں حملے شروع کرنے کی بات کہی تھی۔ آئی ڈی ایف کا الزام تھا کہ حزب اللہ کے جنگجوؤں نے آئی ڈی ایف کے فوجیوں پر ڈرون سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔ آئی ڈی ایف نے اس حملے کی کوشش کو حزب اللہ کی جانب سے معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
آئی ڈی ایف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں معلومات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’’حزب اللہ کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان کے سیکورٹی زون میں آپریشن چلا رہے اسرائیلی دفاعی فورس (آئی ڈی ایف) کے فوجیوں کی جانب 2 ڈرون بھیجے۔ آئی ڈی ایف کے فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی اور ایک ڈرون کو مار گرایا۔ اس واقعہ میں کسی بھی آئی ڈی ایف فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ اس کے جواب میں آئی ڈی ایف اب جنوبی لبنان میں حملے کر رہا ہے۔‘‘
معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی کارروائی میں آئی ڈی ایف کے فوجیوں نے حزب اللہ کے جنگجوؤں اور ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کے مقامات کو نشانہ بنایا۔ آئی ڈی ایف نے کہا کہ ان ہتھیاروں کا استعمال سیکورٹی زون میں تعینات آئی ڈی ایف (اسرائیلی دفاعی فورس) کے فوجیوں اور اسرائیلی شہریوں کے خلاف حملوں کی سازش بنانے اور انہیں ہدایات دینے کے لیے کیا جا رہا تھا۔
آئی ڈی ایف نے یہ بھی کہا کہ ان ٹھکانوں پر حملے فوری خطرے کو ختم کرنے کے لیے کیے گئے۔ آئی ڈی ایف نے بتایا کہ یہ کارروائی حزب اللہ کی جانب سے حملے کی کوشش کے جواب میں کی گئی۔ اس سے پہلے بھی گزشتہ ہفتے آئی ڈی ایف نے علی الطاہر رج علاقے میں حزب اللہ کے زیر زمین ڈھانچے پر حملہ کر کے اسے غیر فعال کر دیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
