مغربی ایشیا تنازعہ: اب تک 6 ہندوستانیوں کی موت، 3 لاکھ کی وطن واپسی، وزارت خارجہ نے دی جانکاری

اسیم مہاجن نے کہا کہ ’’کل دیر رات ہمیں 18 مارچ کو ریاض میں ہونے والے حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی افسوسناک موت کی اطلاع ملی۔ ہم متوفی کے خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>وزارت خارجہ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے درمیان ہندوستانی وزارت خارجہ نے اہم معلومات شیئر کی ہیں۔ وزارت کے مطابق خلیجی خطے میں جاری تنازعہ میں اب تک 6 ہندوستانی شہریوں کی جانیں جا چکی ہیں، جبکہ ایک اب بھی لاپتہ ہے۔ حکومت لاپتہ افراد کی تلاش اور جان گنوانے والوں کی لاشوں کو جلد از جلد ہندوستان لانے کے لیے جنگی پیمانے پر کوششیں کر رہی ہے۔ وزارت خارجہ نے اب تک 3 لاکھ لوگوں کی بحفاظت وطن واپسی کرائی ہے۔

وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سکریٹری اسیم آر مہاجن نے بتایا کہ سعودی عرب، عمان، عراق اور متحدہ عرب امارات میں واقع ہندوستانی مشن مقامی افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ حکومت کی تمام تر توجہ اس وقت ان خاندانوں کو راحت پہنچانے پر ہے۔ لاپتہ ہندوستانی کی بحفاظت برآمدگی کے لیے بھی مقامی سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم نریند مودی نے دنیا کے 5 ممالک کے رہنماؤں سے فون پر بات کر ہندوستان کا موقف واضح کیا ہے۔


وزیر اعظم مودی نے عمان کے سلطان سے بھی بات کی۔ بات چیت کے دوران وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کو صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعہ ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستان کی اولین ترجیح فی الحال کشیدگی کو کم کرنا اور خطے میں جلد از جلد امن بحال کرنا ہے۔

اس سفارتکاری بات چیت کا ایک بڑا حصہ عالمی معیشت سے وابستہ رہا۔ وزیر اعظم مودی نے توانائی کی تنصیبات پر ہو رہے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ دراصل تیل اور گیس کے ٹھکانوں پر حملے انٹرنیشنل مارکیٹ میں عدم استحکام پیدا کر سکتے ہیں، جس سے ہندوستان سمیت پوری دنیا متاثر ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم مودی اور دیگر لیڈران نے ’آبنائے ہرمز‘ سے جہازوں کی محفوظ اور بغیر کسی رکاوٹ کے آمد و رفت کی حمایت کی ہے۔


وزارت خارجہ میں خلیجی ممالک کے جوائنٹ سکریٹری اسیم مہاجن نے کہا کہ کل دیر رات ہمیں 18 مارچ کو ریاض میں ہونے والے حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی افسوسناک موت کی اطلاع ملی۔ ہم متوفی کے خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ریاض میں واقع ہمارا سفارتخانہ متاثرہ خاندان کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ہم لاش کو جلد از جلد ہندوستان واپس لانے کے لیے مقامی افسران کے ساتھ بات کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اب تک مختلف واقعات میں 6 ہندوستانی شہریوں کی جانیں جا چکی ہیں اور ایک لاپتہ ہے۔ سعودی عرب، عمان، عراق اور متحدہ عرب امارات میں واقع ہمارے سفارتخانے لاپتہ ہندوستانی شہری کی واپسی کے لیے افسران کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔