اہم خبر: وشو ہند پریشد کی ریلی پر پتھراؤ، حالات کشیدہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 Aug 2019, 8:10 PM

گنگا پور سٹی میں وی ایچ کی ریلی پر پتھراؤ، حالات کشیدہ

جے پور: راجستھان میں سوائی مادھوپور ضلع کے گنگا پور سٹی میں آج مخصوص فرقے کے ذریعہ وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی ریلی پر مبینہ طور پر پتھراؤ کرنے کے بعد کشیدگی پیدا ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق وی ایچ پی کی ریلی کے دوران ایک مذہبی مقام کے آس پاس پتھراؤ اور کچھ گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کرنے کے واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ حالات کو بگڑتا ہوا دیکھ کر ضلع انتظامیہ نے پولس فورس کو تعینات کردیا ہے۔ شہر میں کشیدگی کے پیش نظر تاجروں نے بھی مارکیٹ کو بندرکھا۔ اس دوران پتھراؤ کرنے والوں کی گرفتاری کی مانگ پر مشتعل تنظیموں کے لوگوں نے فووارا چوک پراحتجاج کیا۔ اطلاع ملنے پر سوائی مادھوپور کے ضلع کلکٹر ایس پی سنگھ اور ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ سدھیر چودھری موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

25 Aug 2019, 7:10 PM

عراق میں داعش کے حملے میں 6 افراد ہلاک اور 9 دیگر زخمی

ماسکو:عراق کے کرکک صوبہ میں اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے دہشت گردوں نے ایک فٹ بال میدان پر عام لوگوں کو نشانہ بنا کر حملہ کیا جس میں چھ لوگوں کی موت ہوگئی اور 9 دیگر زخمی ہوگئے۔ عراقی سلامتی فورسوں کی پریس ریلیز میں اتوار کو ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔

بیان کےمطابق داعش کے دہشت گردوں نے کرکک صوبہ کے داکک ضلع میں فٹبال میدان پر عام لوگوں کو نشانہ بنا کر آر پی جی۔7 گرینیڈ لانچر اور دیگر ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس میں 6لوگوں کی موت ہوگئی اور 9 دیگر زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ اسلامک اسٹیٹ نے سال 2014 میں شام اور عراق کے زیادہ تر حصوں پر قبضہ کرلیا تھا۔ اس کے علاوہ آئی ایس نے دنیا میں ہوئے کئی دہشت گردی کے واقعات کی بھی ذمہ داری قبول کی ہے۔

25 Aug 2019, 5:12 PM

مندی کا حل نکالنے کے لئے بی جے پی حکومت میڈیا منیجمنٹ کر رہی ہے... پرینکا گاندھی

اقتصادی مندی کے حوالہ سے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بی جے پی حکومت پر نشانہ لگایا۔ پرینکا نے ٹوئٹ میں کہا، ’’مندی کا حل نکالنے کے نام پر بی جے پی حکومت صرف اور صرف میڈیا منیجمنٹ کر رہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پوری صورت حال کی وضاحت کرے۔ روزگار نہ جائیں اس کا حل کرے۔‘‘

پرینکا نے مزید کہا، ’’کمپنیوں اور سرمایہ داروں کو بھروسہ دلایا جائے اور نئے سرمایہ داروں اور روزگاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ حکومت کو مثبت قدم اٹھانے چاہئیں۔‘‘


25 Aug 2019, 3:10 PM

مسلسل دوسرے دن پٹرول ۔ڈیژل کی قیمتوں میں اضافہ

نئی دہلی: پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اتوار کو مسلسل دوسرے دن تیزی دیکھنے کو ملی۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق، قومی دارالحکومت دہلی میں آج پٹرول سات پیسے مہنگا ہوکر 71.99 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 10 پیسے مہنگا ہوکر 65.26 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

کولکتہ اور ممبئی میں بھی پٹرول کی قیمتوں میں سات سات پیسے کااضافہ ہوا۔ کولکتہ میں آج پٹرول 74.69 روپے اور ممبئی میں 77.65 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہوا۔ چنئی میں اس کی قیمت آٹھ پیسے بڑھ کر 74.78 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔

ڈیزل کی قیمت کولکتہ میں 10 پیسے بڑھ کر 67.64 روپے فی لیٹر ہو گئی۔ ممبئی اور چنئی میں یہ 11-11 پیسے مہنگا ہوکر بالترتیب 68.42 روپے اور 68.95 روپے فی لیٹر پر رہا۔

25 Aug 2019, 2:10 PM

دیوالی تک پلاسٹک کے کچرے کو ختم کریں، مودی کی ’من کی بات‘

نئی دہلی: پی ایم مودی نے آکاش وانی پر ’من کی بات‘ پروگرام میں آج کہا کہ گزشتہ کچھ برسوں سے دو اکتوبر سے پہلے تقریباً دو ہفتے تک ملک بھر میں ’سوچھتا ہی سیوا‘مہم چلائی جاتی ہے۔ اس بار یہ 11ستمبر کو شروع ہوگی۔

اس دوران لوگ اپنے اپنے گھروں سے باہر نکل کر شرم دان کے ذریعہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقدیت پیش کریں گے۔ گھر ہو یا گلیاں، چوک چوراہے ہوں یا نالیاں، اسکول کالج سے لے کر سبھی عوامی مقامات پر صاف صفائی کی مہم چلانی ہے۔ اس بار پلاسٹک پر خصوصی توجہ دینی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’15اگست کو لال قلعہ سے میں نے یہ کہا کہ جس دلچسپی اور توانائی کے ساتھ سوا سو کروڑ ملک کے عوام نے صاف صفائی کےلئے مہم چلائی۔کھلے میں رفع حاجت سے آزاد کرانےکےلئے کام کیا۔ اسی طرح ہمیں ساتھ مل کر سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کو ختم کرنا ہے۔


25 Aug 2019, 1:10 PM

مٹکی پھوڑ پروگرام کے دوران ایک شخص کی گرنےسے موت

رتلام: مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع میں جنم اشٹمی کی رات الگ الگ مقامات پر مٹکی پھوڑنے کے دوران توازن بگڑنے سے ایک شخص کی گرنےسے موت ہوگئی اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ وہیں الگ الگ ایسے ہی معاملوں میں چار دیگر افراد زخمی ہوگئے۔اس میں سے دو کو اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے۔

اطلاع کے مطابق شیوگڑھ تھانہ علاقے کے گرام ٹانکیاپاڑا کے بس اسٹینڈ پر جنم اشٹمی تہوار کے موقع پر جمعہ کی رات مٹکی پھوڑنے کا پروگرام رکھا گیا تھا۔رات تقریباً12بجے بڑی تعداد میں لوگ پروگرام میں شامل تھے۔ اس دوران نوجوانوں کا گروپ مٹکی پھوڑنے کی کوشش کرررہا تھا۔ ساتھیوں کے کندھوں پر سب سے اوپر مانگی لال (40) نام کا شخص چڑھا ہوا تھا۔توازن بگڑنے سے وہ گر گیا۔اس کے سر میں شدید چوٹ آئی۔اسے ضلع اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے،جہاں ہفتے کو اس نے دم توڑ دیا۔

اسی طرح گرام راودیا میں یش پال (18)،گرام گینی میں نارائن(19)اور گرام پالنا میں چھوگا لال(22) بھی مٹکی پھوڑنے کے دوران گرنے سے زخمی ہوگئے۔جواہرنگر کے رہنے والے راکیش(20)کو بھی گرنےسے چوٹ آئی ہے۔

25 Aug 2019, 12:00 PM

کشمیر میں جو ہو رہا ہے اس سے زیادہ اینٹی نیشنل اور کچھ نہیں، پرینکا گاندھی

جموں و کشمیر کی تازہ صورت حال کے حوالہ سے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ حب الوطنی کے نام پر لاکوں لوگوں کو خاموش کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کشمیر میں دفعہ 370 کی شقوں کی منسوخی کے بعد سے لگاتار جاری کرفیو اور پابندیوں کے بعد گزشتہ روز راہل گاندھی کی قیادت میں وادی کشمیر کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پولس اور انتظامیہ نے وفد کو سرینگر ایئر پورٹ سے باہر نہیں نکلنے دیا اور وفد کے ممبران کو بیرنگ واپس لوٹ کر دہلی آنا پڑا۔

وفد کی سرینگر کے لئے پرواز کے دوران ایک کشمیری خاتون نے راہل گاندھی کو اپنی روداد بیان کی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ اس ویڈیو کو بھی ری ٹوئٹ کیا ہے۔

پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’آخر یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ لاکھوں لوگوں کو ’حب الوطنی‘ کے نام پر خاموش کر دیا گیا ہے اور دبایا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا، ’’جو لوگ حزب اختلاف پر سیاست کا الزام لگا رہے ہیں وہ جان لیں کہ کشمیر میں شٹ ڈاؤن اور جمہوری حقوق چھین لینے سے زیادہ ’اینٹی نیشنل‘ اور ’سیاسی‘ اور کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔

پرینکا گاندھی نے مزید کہا، ’’کشمیر میں حکومتی اقدام کے خلاف آواز اٹھانا ہر کسی کا فرض ہے اور ہم یہ کرنے سے نہیں رکیں گے۔


25 Aug 2019, 8:57 AM

امریکہ کے سینٹ لوئس میں فائرنگ سے آٹھ سالہ بچی ہلاک

شکاگو: امریکہ میں مسوری کے سینٹ لوئیس علاقے میں ہفتے کی رات کو ایک اسکول میں فائرنگ سے ایک آٹھ سالہ بچی کی ہلاک ہو گئی اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس ابھی بھی فائرنگ کے ملزم کی تلاش کر رہی ہے ۔

رپورٹوں کے مطابق مہلوک بچی اور دو دیگر طلباء اور ایک خاتون کو سولڈن ہائی اسکول کےنزدیک گولی ماری گئی ۔ وہ سبھی ایک فٹ بال ایونٹ میں شامل ہوئے تھے ۔ فائرنگ کے دوران اسکول سے ہجو م ہٹانے کے لئے پولیس افسر پہلے ہی جائے وقوعہ کے نزدیک موجود تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران مہلوک بچی اپنے افراد خانہ کے ساتھ تھی ۔

تاہم فائرنگ کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے ۔مقامی میڈيا کے مطابق سینٹ لوئیس علاقے میں اپریل ماہ سے اب تک 12 بچوں کی فائرنگ سے مو ت ہو گئی ہے ۔

25 Aug 2019, 11:10 AM

بی جے پی کے صدر دفتر پر پہنچا ارون جیٹلی کا جسد خاکی

سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ سے بی جے پی دفتر پہنچ گیا ہے۔ جسد خاکی کو پھولے سے لدی فوجی گاڑی کے ذریعے بی جے پی کے دفتر پہنچایا گیا۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کے دفتر میں جسد خاکی کو آخری دیدار کے لئے 2 بجے تک رکھا جائے گا اس کے بعد اسے انتم سنسکار کے لئے نگم بودھ گھاٹ لے جایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔